29 اپریل ، 2022
وزیراعظم شہباز شریف کی وفد کے ہمراہ مسجد نبوی آمد پرگزشتہ روز بعض افراد کی جانب سے نعرہ بازی کیے جانے پر مولانا طارق جمیل کا بیان سامنے آگیا۔
مولانا طارق جمیل نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ' مسجد نبوی میں احتجاج کی صورت میں جو حرم شریف کی پامالی کی گئی یہ بالکل اسلام میں درست نہیں ہے، اسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے'۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف گزشتہ روز 13 رکنی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے 3 روزہ سرکاری دورے پر مدینہ منورہ پہنچے۔
بعد ازاں وزیر اعظم اور ان کا وفد روضہ رسول ﷺپر حاضری دینے پہنچا جہاں مسجد نبوی کے احاطے میں کچھ افراد نے نعرہ بازی شروع کردی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھاگیا کہ کچھ افراد مریم اورنگزیب اور شازین بگٹی کو گھیرتے ہوئے ان کے خلاف چور ،چورکے نعرے لگا تے ہوئے ویڈیوز بھی بنارہے تھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے دورے کے موقع پر مسجد نبوی میں بعض افراد کی نعرہ بازی کو مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس حرکت کو قابل مذمت قراردیا ہے۔