Time 29 اپریل ، 2022
دنیا

مسجد نبویؐ واقعہ: مقدس مقام کی بیحرمتی کے الزام میں 5 پاکستانی گرفتار

زیرحراست افراد پر زائرین اور نمازیوں کی سلامتی اورعبادات میں خلل ڈالنے کا الزام ہے، ملزمان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی: مدینہ منورہ پولیس— فوٹو: اسکرین گریب
 زیرحراست افراد پر زائرین اور نمازیوں کی سلامتی اورعبادات میں خلل ڈالنے کا الزام ہے، ملزمان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی: مدینہ منورہ پولیس— فوٹو: اسکرین گریب 

مدینہ منورہ پولیس نے مسجد نبوی ﷺ کے احاطے میں نازیبا الفاظ اور مقدس مقام کی بے حرمتی کے الزام میں 5 پاکستانیوں کی گرفتاری کی تصدیق کردی۔

ترجمان مدینہ منورہ پولیس کے مطابق مسجد نبوی ﷺ کے احاطےمیں نازیبا الفاظ کے الزام میں 5 پاکستانی شہری گرفتار کرلیے گئے ہیں۔

ترجمان  کا کہنا ہے کہ زیرحراست افراد نے پاکستانی خاتون اور ان کے ساتھیوں کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے اور گرفتار افراد پر مقدس مقام کی بےحرمتی کا الزام ہے۔

پولیس کے مطابق زیرحراست افراد پر زائرین اور نمازیوں کی سلامتی اورعبادات میں خلل ڈالنے کا الزام ہے اور  ملزمان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مسجد نبوی ﷺ میں وفاقی وزرا کی موجودگی کے موقع پر ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جس میں کچھ افراد نے چور چور کےنعرے لگائے اور مریم اورنگزیب کو گالیاں دی گئیں۔

اس کے علاوہ وفاقی وزیر شاہ زین بگٹی کے بال بھی کھینچے گئے جبکہ اس نعرے بازی میں پی ٹی آئی کے رہنما اور عمران خان کے سابق مشیر صاحبزادہ جہانگیر بھی پیش پیش تھے تاہم صاحبزادہ جہانگیر  نے تردید کی ہے۔

مسجد نبویﷺ کواقعے کے بعد پاکستانی عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور سوشل میڈیا پر تحریک انصاف اور سابق وزرا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :