30 اپریل ، 2022
لاہور: مسلم لیگ (ن) کی رہنمامریم نواز کاکہنا ہےکہ مسجد نبوی میں افسوسناک واقعہ منصوبہ بندی کے ساتھ کیا گیا، ان لوگوں نے سیاسی دشمنی میں اتنا آگے بڑھ گئے کہ محبوب ہستی کے تقدس کا بھی لحاظ نہیں رکھاگیا۔
حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف اچھے ایڈمنسٹریٹراورباصلاحیت وزیراعظم ہیں، شہباز شریف اپنی صلاحیتوں کی بدولت بہت جلدچیلنجزپرقابو پالیں گے، ان کی قیادت میں عوام کوگورننس اور دیگر معاملات میں بہتری نظر آئے گی جب کہ پنجاب میں بھی گورننس اور دیگر امور میں فرق نظر آئے گا۔
مسجد نبوی واقعے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کاواقعہ افسوسناک ہے، ان لوگوں نے سیاسی دشمنی میں مسجد نبوی کی بےحرمتی کی، سیاسی دشمنی میں اتنا آگے بڑھ گئے کہ محبوب ہستی کے تقدس کا بھی لحاظ نہیں رکھاگیا، اس واقعے سے پاکستان بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس طرح کا واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا، یہ غنڈہ گردی کررہے ہیں اور سعودی عرب میں بھی کرنے کی کوشش کی، یہ سب کچھ منظم طریقے سے کیا گیا ہے، عمران خان پاکستان کے سب سے بڑے فتنے کا نام ہے، اس فتنےکو جتنی جلدی کرش کرکے اس کی اصل جگہ پرپہنچادیں اتنا ہی پاکستان کا فائدہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جتنے بڑے چیلنجز ہیں اتنا ہی بڑا ارادہ ہے، ہم پنجاب اور پاکستان کے عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں۔