06 مئی ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے منحرف ایم این ایز اور ایم پی ایز نے نااہلی ریفرنس میں الیکشن کمیشن کو جوابات جمع کرادیے۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت تین رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی کے 20 منحرف ارکان قومی اسمبلی کیخلاف نا اہلی ریفرنسز پر سماعت کی جس میں نور عالم خان کے وکیل نے بتایا کہ ہم نے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرادیا ہے جب کہ پی ٹی آئی کے وکیل نے کمیشن سے وقت مانگ لیا۔
الیکشن کمیشن میں منحرف ارکان کی جانب سے جواب بھی جمع کرائے گئے ہیں اور جن ارکان نے جواب جمع کرائے ان میں فرخ الطاف،عاصم نذیر، افضل خان دھاندلہ، نواب شیر وسیر، راجہ ریاض، مخدوم سمیع الحسن گیلانی، مبین احمد، باسط سلطان، عامر گوپانگ، اجمل فاروق کھوسہ، ریاض مزاری، جویریہ ظفر، وجیہہ قمر ،نذہت پٹھان، احمد حسین ڈھیر، رانا قاسم نون، غفار وٹو اور رمیش کمار نے اپنے جوابات الیکشن کمیشن میں جمع کرائے۔
پی ٹی آئی کے منحرف رکن عامر لیاقت کے وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ ان کے مؤکل جواب پر دستخط کیلئے نہیں پہنچ سکے، وہ آج ہی دستخط کروا کر جواب جمع کروا دیں گے۔
اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہمیں تو لگ رہا تھا منحرف ارکان کے وکلا وقت مانگیں گے۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے فریقین کو کل دلائل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منگل تک ہرصورت دلائل مکمل کرلیں تاکہ فیصلے کیلئے وقت مل سکے۔
الیکشن کمیشن کے ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے کہا کہ 14 مئی تک کمیشن نے فیصلہ کرنا ہے۔
الیکشن کمیشن نےریفرنسز پر مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔