06 مئی ، 2022
سابق معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کورونا وائرس سے ہونے والی اموات سے متعلق عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کو غیر مستند قرار دے دیا۔
ایک بیان میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ مجھے تفصیلی دیکھنا پڑے گی، کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد کے تعین کیلئے ہم نے قبرستان کا ریکارڈ بھی چیک کیا اور اس ریکارڈ کو ہم نے اپنے سسٹم سے چیک کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا کورونا اموات کا ریکارڈ درست تھا البتہ اموات کا ریکارڈ 100 فیصد درست ہونا ممکن نہیں، اس میں 10 سے 30 فیصدتک کمی ہوسکتی ہےلیکن 8 گنا ناقابل یقین ہے۔
سابق معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کی بنیاد فرضی اعداد و شمار پر مبنی ہے جس کے اعداد و شمار مستند نہیں ہیں۔
انہوں نے مزیدکہا کہ بھارت میں آکسیجن کی سپلائی میں مسائل پیدا ہوئے لیکن ہمیں آکسیجن اور بیڈ کی کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔