Time 06 مئی ، 2022
پاکستان

شیخ رشید حنیف عباسی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی بنانے پر عدالت پہنچ گئے

لاہور ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کی سزا معطل کررکھی ہے لیکن مجرم ہونےکا فیصلہ ختم نہیں ہوا: درخواست میں مؤقف/ فائل فوٹو
 لاہور ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کی سزا معطل کررکھی ہے لیکن مجرم ہونےکا فیصلہ ختم نہیں ہوا: درخواست میں مؤقف/ فائل فوٹو

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی بنانے کا اقدام ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے حنیف عباسی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی بنائے جانے کے خلاف درخواست  اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی جس میں وفاق کو بذریعہ سیکرٹری اور حنیف عباسی کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ حنیف عباسی کےخلاف21 جولائی 2012 میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے مقدمہ درج کیا، وہ ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں سزا یافتہ ہیں، انہیں ٹرائل کورٹ نے 21 جولائی2018 کو سزا سنائی۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہےکہ لاہور ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کی سزا معطل کررکھی ہے  لیکن مجرم ہونےکا فیصلہ ختم نہیں ہوا، سیکرٹری کابینہ اورحنیف عباسی بتائیں کہ کس قانون کے تحت انہیں اس عہدے پرتعینات کیا گیا۔

واضح رہےکہ حنیف عباسی کو27 اپریل2022 کو وزیراعظم کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :