07 مئی ، 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر خود پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بطور کپتان انہوں نے ہمیشہ عمران خان کی تعریف کی لیکن بطور وزیر اعظم ان کی پالیسیوں سے اختلاف کرنا ان کا حق ہے۔
شاہد آفریدی نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ اختلاف رائے کا احترام کرنا مہذب معاشرے کی نشانی ہے،شہباز شریف کو وزیر اعظم بننے کی مبارک بادی دی تو جانتا تھا کہ مجھ پر تنقید ہوگی،ایک دوسرے سے اختلافات رکھیں لیکن اسے نفرت میں نہیں بدلنا چاہیے۔
انہوں نے کہا عمران خان ہمیشہ میرے آئیڈیل رہے ہیں، ان کو دیکھ کر کرکٹ شروع کی، 1992 ورلڈ کپ ہماری یادیں ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ کبھی عمران خان کی ذات پر تنقید نہیں کی، ان کی پالیسیوں سے اختلاف رکھنے کا حق مجھے حاصل ہے، میں نے سیاسی باتوں کی وجہ سے تنقید نہیں کی، عام پاکستانی کے طور پر خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی سربراہ ہو، وہ قابل احترام ہے کیوں کہ وہ ملک کی نمائندگی کرتا ہے، ہم اگر ملک کی عزت چاہتے ہیں تو حکومت وقت کی عزت کریں۔