Geo News
Geo News

Time 11 مئی ، 2022
انٹرٹینمنٹ

میرے والد نے پیٹ میں حلال رزق ڈالا ہے تو ہو نہیں سکتا عمران خان کو فالو نہ کروں: شہروز

اگر میرے والد نے میرے پیٹ میں حلال رزق ڈالا ہے تو ایسا ہو نہیں سکتا کہ میں عمران خان کو فالو نہ کروں: اداکار کی شو میں گفتگو/ فائل فوٹو
اگر میرے والد نے میرے پیٹ میں حلال رزق ڈالا ہے تو ایسا ہو نہیں سکتا کہ میں عمران خان کو فالو نہ کروں: اداکار کی شو میں گفتگو/ فائل فوٹو

اداکار شہروز سبزواری نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حمایت میں بیان دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر شہروز سبزواری کا اہلیہ صدف کنول کے ہمراہ ایک انٹرویو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں انہیں عمران خان کی حمایت میں بیان دیتے دیکھا جاسکتا ہے۔

شہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ ’اگر میرے والد نے میرے پیٹ میں حلال رزق ڈالا ہے تو ایسا ہو نہیں سکتا کہ میں عمران خان کو فالو نہ کروں ، سادہ سی بات ہے جس میں کوئی دو رائے نہیں ‘۔

 شہروز سبزواری نے کہا کہ’عمران خان ایک سچے انسان ہیں اور جس طرح ان کا کہنا ہے کہ وہ انشاء اللہ پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنائیں گے، کوئی بھی شخص عمران خان کو فالو کیے بنا نہیں رہ سکتا، اگر آپ میں تھوڑی سی بھی غیرت ہے تو ایسا ہو نہیں سکتا کہ کوئی بھی انسان عمران خان کو فالو نہ کرے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’عمران خان چونکہ پہلی بار سیاست میں آئے تھے لہٰذا سیاست تو انہوں نے اب سیکھی ہے، لوگ بچیں  اس دن سے جب عمران خان دوبارہ پاور میں آئیں گے، اب تو معروف شخصیات بھی تسلیم کرچکی ہیں کہ عمران خان اپوزیشن کیلئے  زیادہ خطرناک ہوچکے ہیں کیوں کہ انہوں نے اب سیاست سیکھی ہے‘۔

یاد رہے کہ وزارت عظمیٰ سے ہٹائے جانے کے بعد فنکار برادری کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حمایت میں کئی بیانات سامنے آچکے ہیں اس دوران عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنانے والے معروف شخصیات کو بھی عمران خان کے حمایتوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاچکا ہے۔