11 مئی ، 2022
پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی سر کرنے کے بعد ایک اور ہدف پر نظریں جمالی ہیں۔ کنچن جونگا سر کرنے والے 20 سالہ شہروز کاشف اب ماؤنٹ لوسٹے سر کریں گے۔
8 ہزار 586 میٹر بلند کینچن جونگا سر کرنے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کرنے والے ماؤنٹینیئر شہروز کاشف نے نیپال میں کچھ روز آرام کرنے کے بعد ایک بار پھر ٹریک کا رخ کرلیا اور اب کی بار ان کی نظریں دنیا کی چوتھی بلند ترین چوٹی لوٹسے کو سر کرنے پر مرکوز ہے جس کی اونچائی 8 ہزار 516 میٹر ہے۔
لوٹسے سمٹ کرنے کیلئے شہروز کاشف بدھ کو ایوریسٹ بیس کیمپ پہنچ گئے جہاں سے وہ اگلے چند روز میں اپنی پیش قدمی شروع کردیں گے۔
لوٹسے اور کنچن جونگا سے قبل شہروز کاشف دنیا کی بلند ترین ماؤنٹ ایوریسٹ اور کے ٹو بھی سر کرچکے ہیں ۔
8 ہزار میٹر سے بلند دنیا کی 14 چوٹیوں میں شامل بروڈ پیک اور مناسلو کو بھی شہروز پہلے ہی سر کرچکے ہیں تاہم مناسلو کی سمٹ پر تنازعے کے بعد شہروز اس کو دوبارہ سر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اگر ان کے مناسلو سمٹ کو شمار کرلیا جائے تو وہ 8 ہزار میٹر سے بلند 14 میں سے پانچ چوٹیاں سر کرچکے ہیں، لوٹسے ان کی چھٹی چوٹی ہوگی۔
پاکستان کے سرباز خان 14 میں سے 10 جبکہ علی سدپارہ 14 میں سے 8 بلند ترین چوٹیو ں کو سرکرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ سرباز اور شہروز دونوں ہی تمام 14 بلند ترین چوٹیو ں کو سرکرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔