جو سازش روک سکتے تھے انہیں بتایا حکومت گئی تو بڑا معاشی نقصان ہوگا، عمران خان

2 بھائی ہیں ایک فوج کو گالی دیتا ہے دوسرا بوٹ پالش کرتا ہے ، یہ قیامت کی نشانی ہے کہ آصف علی زرداری نیب کی اصلاح کر رہے ہیں، سابق وزیراعظم کا اٹک جلسے سے خطاب— فوٹو: پی ٹی آئی
2 بھائی ہیں ایک فوج کو گالی دیتا ہے دوسرا بوٹ پالش کرتا ہے ، یہ قیامت کی نشانی ہے کہ آصف علی زرداری نیب کی اصلاح کر رہے ہیں، سابق وزیراعظم کا اٹک جلسے سے خطاب— فوٹو: پی ٹی آئی

چیئرمین  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ جو  لوگ سازش روک سکتے تھے  انہیں بتایا کہ بڑی مشکل سے معیشت سنبھالی ہے، حکومت گئی تو بڑا نقصان ہوگا، لیکن بدقسمتی سے ہم کچھ نہیں کرسکے۔

اٹک میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے سابق وزیراعظم عمران خان نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ سازش روک سکتے تھے انہیں پہلے خود بتایا پھر وزیر خزانہ شوکت ترین سے کہا کہ جاکر سمجھاؤ۔

جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ جیل جانے کو تیار ہیں، جان کی قربانی دینے کو تیار ہیں  لیکن امریکا کی غلامی تسلیم نہیں کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ  تھری اسٹوجز  نے بائیڈن انتظامیہ سے مل کر سازش کی، پاکستان میں بیٹھے امریکی ہینڈلرز  نے حکومت گرا دی، الیکشن کے اعلان تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔

اپنے خطاب میں کہا کہ 2 بھائی ہیں ایک فوج کو گالی دیتا ہے دوسرا بوٹ پالش کرتا ہے ، یہ قیامت کی نشانی ہے کہ آصف علی زرداری نیب کی اصلاح کر رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ امریکی فوج سے زیادہ پاکستان فوج کے جوانوں نے شہادت دی ہیں، ہمارے 80 ہزار لوگ امریکا کی جنگ میں قربان ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ مشرف کو امریکا سے حکم آیا جنگ میں شامل نہ ہوئے تو سنگین نتائج ہوں گے، بدقسمتی سے ہمارے اُس وقت کے سربراہ نے گھٹنے ٹیک دیے۔

عمران خان نے کہا کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد میں نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ میرے ساتھ اس جنگ میں شرکت کریں، یہ وقت حقیقی آزادی کی جنگ کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کونسا ایسا مسئلہ تھا جو سب نے مل کر حکومت گرا دی؟ ان لوگوں نے ملک کو کنگال کیا، مقروض کیا، ادارے تباہ کیے، ہمیں وہ ملک ملا جہاں وہ 20 ارب ڈالر کا خسارہ چھوڑ کر گئے، سب مشکلات کے باوجود ہم نے ملک کو کھڑا کیا، جوسازش روک سکتے تھے انہیں بتایا بڑی مشکل سے معیشت کو سنبھالا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پرائم منسٹر سزا یافتہ نواز شریف سے مل کر ملک کے فیصلے کررہا ہے، بیٹی بھی سزا یافتہ ہے، اسے پروٹوکول مل رہا ہے، ڈاکٹر رضوان نے حمزہ سے پوچھا مقصود چپڑاسی کے پاس کہاں سے پیسہ آیا؟ حمزہ شہباز نے جواب دینے کے بجائے ڈاکٹر رضوان کو ڈرایا،دھمکایا، جو ان کے کیس کے پیچھے جاتا ہے اسے جان کا خطرہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک انتخابات کا اعلان نہیں کریں گے تحریک جاری رہے گی، یہ میری نہیں، ہماری آزادی کی جنگ ہے، نہ ہم کسی دوسرے ملک کی غلامی کرنا چاہتے ہیں اور نہ چور وں کی، جیل جانےکو، جان کی قربانی دینےکو تیارہوں لیکن امریکاکی غلامی نہیں کروں گا۔

مزید خبریں :