انٹرٹینمنٹ

ریما خان کا بیٹا بڑا ہوکر کیا بنے گا؟ اداکارہ نے خود بتادیا

ادکارہ ریما خان اور ڈاکٹر طارق شہاب کا بیٹا اذلان سات سال کا ہے۔—فوٹو: ریما خان
ادکارہ ریما خان اور ڈاکٹر طارق شہاب کا بیٹا اذلان سات سال کا ہے۔—فوٹو: ریما خان

ماضی کی معروف اداکارہ ریما خان ایک عرصہ تک پاکستان شوبز انڈسٹری پر چھائی رہیں ،ان کے شوہر طارق شہاب پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر اور بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہر امراض قلب ہیں جو امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں دل کے بڑے اسپتال میں سرجن ہیں جبکہ ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔

 ان کا بیٹا بڑا ہوکر کیا بنے گا؟ 

اس بارے میں گذشتہ روز اداکارہ ریما خان نے انڈس اسپتال کے دورے کے دوران بچوں سے ان کی خواہشات پوچھنے کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے ازخود ہی انکشاف کردیا۔ 

انہوں نے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ایک بچے سے دریافت کیا کہ وہ بڑا ہو کر کیا بنے گا؟ تو بچے نے جواب دیا کہ وہ ڈاکٹر بنے گا جبکہ دوسرا بچہ کرکٹر بننے کا خواہاں تھا جو شاہد آفریدی کا شیدائی نکلا۔

 اس دوران بچوں سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ ریما خان نے کہا کہ زندگی بہت پیاری اور خوبصورت ہے، اللہ تعالی آپ تمام بچوں کو زندگی اور خوشیاں دے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ بچے بہت پیارے اور خوبصورت ہوتے ہیں، بچوں میں میری جان ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بچے بہت اچھے لگتے ہیں۔ بچوں کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ کو پتہ ہے کہ میرا بھی ایک بیٹا ہے۔ بہت پیارا سا چھوٹا سا اور بہت ایکٹیو ہے۔

ریما خان نے کہا کہ میرا بیٹا ابھی سے کہتا ہے وہ بڑا ہوکر ڈاکٹر بنے گا، میں اپنے بیٹے سے کہتی ہوں کہ وہ آرٹسٹ بنے مگر وہ کہتا ہے کہ 'نہیں بابا جیسا ڈاکٹر بنوں گا'۔

پاکستانی اداکارہ کا کہنا تھا کہ آرٹسٹ بھی لوگوں کیلئے خوشیوں کا باعث بنتے ہیں اور ڈاکٹر بھی مسیحائی کا کام کرتے ہیں۔ 

ریما خان کا کہنا ہے کہ میں نے بیٹے سے کہا ہے کہ وہ دونوں بنے، ڈاکٹر بھی اور آرٹسٹ بھی،ڈاکٹر بن کر لوگوں کی خدمت کرے اور آرٹسٹ بن کر لوگوں کیلئے خوشیوں کا باعث بنے،  اس پر بچوں نے خوب تالیاں بجائیں اور خوشی کا اظہار کرے۔

 واضع رہے کہ ادکارہ ریما خان اور ڈاکٹر طارق شہاب کا بیٹا اذلان سات سال کا ہے۔

مزید خبریں :