کراچی میں اسٹریٹ کرائمز، منشیات فروشی میں ملوث مافیاز کیخلاف آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت گزشتہ روز صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا —فوٹو: سی ایم سندھ ٹوئٹر
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت گزشتہ روز صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا —فوٹو: سی ایم سندھ ٹوئٹر

کراچی میں اسٹریٹ کرائمز، زمینوں پر قبضے اور منشیات فروشی میں ملوث مافیاز کیخلاف آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت گزشتہ روز صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ لینڈ مافیا، ڈرگ مافیا اور اسٹریٹ کرائمز کے ڈانڈے کہیں نہ کہیں جاکر دہشت گردی سے مل جاتے ہیں اس لیے کراچی میں ان جرائم میں ملوث افراد اور مافیاز کیخلاف آپریشن مزید تیز کیا جائے۔

 صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے ڈیٹا شیئر کیا کہ شہر میں787 ایسے مجرم ہیں جو بار بار جرائم کرتے ہیں، ان میں 540 افراد منشیات فروشی جبکہ 244 زمینوں پرقبضہ کرانے میں ملوث ہیں۔

مراد علی شاہ نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ یہ ڈیٹا اہم ہے، اس پر ٹارگٹڈ آپریشن سمیت ہر وہ کام ہونا چاہیے جس سے جرائم کا خاتمہ ہوسکے۔ 

اجلاس میں دہشت گرد تنظیموں اور ان کے سہولت کاروں کے زیر استعمال سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی ظاہر کیے گئے، ان اکاؤنٹس پر دہشت گرد یا ان کے سہولت کار ایک دوسرے سے رابطہ کرتے ہیں، تمام اکاؤنٹس کو کتنے لوگ فالو کرتے ہیں وہ بھی ظاہر کیا گیاجبکہ ان اکاؤنٹس پر میسیج آنے کے بعد کتنی ٹریفک ہوتی ہے وہ بھی دکھایا گیا۔ 

اجلاس میں ایک خاص گروپ تشکیل دیا گیا جو ان اکاؤنٹس کو چلانے والوں کی چھان بین اور مانیٹرنگ کرے گا، ایپکس کمیٹی نے سندھ حکومت کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کی ای ٹیگنگ کے فیصلے کو بھی سراہا۔

مزید خبریں :