ملک چھوڑنے سے قبل عامر لیاقت کی اپنے بچوں کو نصیحت

تمہارا باپ بے قصور تھا لیکن تم نہ پہلے سمجھے اور نہ اب سمجھو گے اور اس کی وجہ بدترین سوشل میڈیا ہے:عامر لیاقت./فوٹو بشکریہ سوشل میڈٰیا
 تمہارا باپ بے قصور تھا لیکن تم نہ پہلے سمجھے اور نہ اب سمجھو گے اور اس کی وجہ بدترین سوشل میڈیا ہے:عامر لیاقت./فوٹو بشکریہ سوشل میڈٰیا

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت نے ہمیشہ کیلئے پاکستان چھوڑنے سے قبل اپنے بیٹے اور  بیٹی کے لیے ایک جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔

عامر لیاقت نے انسٹاگرام پر بیٹے احمد اور  بیٹی دعا کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک طویل پیغام شیئر کیا جس میں انھوں نے ملک چھوڑنے کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے بیٹے اور بیٹی کومشورہ  بھی دیا۔

عامر لیاقت نے لکھا کہ میرے بچو اب تم بڑے ہو گئے ہو، دعا لمز سے پڑھ کر ایک شاندار مقام حاصل کرے گی اور احمد  تم  ایک بڑے  انجینئر بنو گے، تمہارا باپ  بے قصور  تھا لیکن تم نہ پہلے سمجھے اور نہ اب سمجھو گے اور اس کی وجہ بدترین سوشل میڈیا ہے۔

انھوں نے لکھا کہ  جہاں اگر آپ اپنا اصلی روپ رکھتے ہیں تو بغیر کسی رکاوٹ کے آپ کو شیطان کہہ کر پکارا جاتا ہے  اور اگر آپ  ایک مصنوعی اخلاقیات لے کر آتے ہیں  تو  منافق کہلاتے ہیں۔

عامر لیاقت نے اپنی پوسٹ میں اپنی بیٹی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ دعا! آپ میری عزت کریں یا نہ کریں،  آپ کے سابقہ اسکول کے استاد نے مجھے آپ کی کلاس میں "ڈیڈ مین" کہا اور آپ نے خاموشی اختیار کی یا پھر  وقتاً  فوقتاً  اپنے باپ کو برا بھلا کہا لیکن  میں آپ سے ہمیشہ محبت کروں گا۔"

رکن قومی اسمبلی میں اپنی پوسٹ میں اپنے بچوں سے مزید کہا کہ’ میں تم دونوں کو مشورہ دیتا ہوں کہ کسی بھی قیمت پر اپنی ماں کی عزت کرنا نہ چھوڑنا اور جب بھی اسے ضرورت ہو ان (ماں) کا خیال رکھنا، یہ بھی واضح کر دوں کہ میں نے اسے طلاق نہیں دی تھی اور کہا تھا کہ یہ صرف ایک غلط فہمی  پر مبنی کہانی ہے، وہ اب بھی میری بیوی ہے "عامر" کا لفظ اپنے نام سے ہٹانا بشریٰ کا انتخاب تھا۔

وہ ایک بہترین کردار،  پرہیزگار اور مثالی علم کی مالک ہے، وہ ایک عظیم ماں ہے لیکن بدقسمتی سے بدترین بیوی ہے، لوگ نہیں جانتے کہ 20 سال کے بعد کیوں میں نے دوسری بیوی کا انتخاب کیا، یہ ہمارا نازک ذاتی معاملہ ہے اور میں آپ کی والدہ سمیت کسی کو بھی اجازت نہیں دوں گا کہ کوئی میرے خاندان کی پرائیویسی پر حملہ کرے۔

عامر لیاقت نے بتایا کہ ’مجھ پر کچھ قرض ہیں ان کو جلد ادا کروں گا، ابھی میرے پاس پیسے ختم ہو گئے ہیں، ملک چھوڑ جاؤں گا لیکن میں آپ دونوں سے ہمیشہ محبت کرتا رہوں گا۔

مزید خبریں :