انفینکس کا 120 واٹ چارجنگ سپورٹ والا پہلا فون نوٹ 12 وی آئی پی

نوٹ 12 وی آئی پی میں 108 میگا پکسل مین کیمرا بھی موجود ہے / فوٹو بشکریہ انفینکس
نوٹ 12 وی آئی پی میں 108 میگا پکسل مین کیمرا بھی موجود ہے / فوٹو بشکریہ انفینکس

انفینکس نے نوٹ 12 سیریز کو متعارف کرادیا ہے اور پہلی بار ایک فون میں کمپنی نے 100 واٹ سے زیادہ فاسٹ چارجنگ سپورٹ بھی فراہم کی ہے۔

یہ سیریز نوٹ 12 اور نوٹ 12 وی آئی پی پر مشتمل ہے۔

ان میں نوٹ 12 وی آئی پی زیادہ بہتر فون ہے جس کے ساتھ120 واٹ ہائپر چارج سپورٹ فراہم کی گئی ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ بیٹری صفر سے 100 فیصد صرف 17 منٹ میں چارج ہوسکتی ہے۔

انفینکس نوٹ 12 وی آئی پی / فوٹو بشکریہ انفینکس
انفینکس نوٹ 12 وی آئی پی / فوٹو بشکریہ انفینکس

فون کی فاسٹ چارجنگ کے لیے ڈوئل چارج پمپ سیٹ اپ ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے اور صرف 10 منٹ کے اندر بیٹری اتنی چارج ہوجاتی ہے کہ لگاتار 6 گھنٹے گیمز کھیلنے یا 5 گھنٹے یوٹیوب ویڈیوز اسٹریم کی جاسکتی ہیں۔

نوٹ 12 وی آئی پی میں 4500 ایم اے ایچ بیٹری ہے اور فون اور چارجر کے 103 پروٹیکشن فیچر بھی دیئے گئے ہیں ۔

کمپنی نے بتایا کہ فون کی بیٹری 800 بار چارج کرنے پر بھی بیٹری کی 85 فیصد گنجائش برقرار رہتی ہے۔

اس فون میں 6.7 انچ کا امولیڈ ڈسپلے ایف ایچ ڈی پلس ریزولوشن اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ سے لیس ہے جبکہ میڈیا ٹیک کا ہیلیو جی 96 پراسیسر ڈیوائس کے اندر موجود ہے۔

نوٹ 12 وی آئی پی کی ایک خاص بات اس کا 108 میگا پکسل کا مین کیمرا ہے جس کے ساتھ 13 میگا پکسل اور ڈیپتھ کیمرے دیئے گئے ہیں جبکہ لیزر آٹو فوکس سسٹم بھی اس کیمرا سیٹ اپ کا حصہ ہے۔

فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے / فوٹو بشکریہ انفینکس
فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے / فوٹو بشکریہ انفینکس

اس کے ساتھ انفینکس نوٹ 12 بھی پیش کیا گیا ہے جس کے لیے بھی ہیلیو جی 96 پراسیسر استعمال کیا گیا ہے۔

اس فون میں 6.7 انچ کا امولیڈ ڈسپلے دیا گیا ہے مگر ریفریش ریٹ نوٹ 12 وی آئی پی سے کم ہے۔

انفینکس نوٹ 12 / فوٹو بشکریہ انفینکس
انفینکس نوٹ 12 / فوٹو بشکریہ انفینکس 

اسی طرح فون کے بیک پر 50 میگا پکسل مین اور 2 میگا پکسل ہیپلر کیمرے پر مشتمل ڈوئل کیمرا سیٹ اپ موجود ہے۔

نوٹ 12 کے لیے 5000 ایم اے ایچ بیٹری 33 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے۔

دونوں فونز کے فرنٹ پر 16 میگا پکسل سیلفی کیمرا موجود ہے جبکہ اینڈرائیڈ 12 آپریٹنگ سسٹم پر مبنی ایکس او ایس 10.6 سافٹ ویئر استعمال کیا گیا ہے۔

دونوں فونز میں 8 جی بی ریم دی گئی ہے مگر اس میں 5 جی بی تک ورچوئل ریم کا اضافہ بھی ہوسکتا ہے، جبکہ ڈوئل اسپیکرز بھی موجود ہیں۔

دونوں فونز جلد مختلف ممالک میں فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

انفینکس نوٹ 12 وی آئی پی کی قیمت 300 ڈالرز (58 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)جبکہ نوٹ 12 کی 200 ڈالرز (39 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)ہوگی۔

مزید خبریں :