پاکستان

کراچی میں پولیس مقابلہ، صدر دھماکے کا ماسٹر مائنڈ ساتھی سمیت ہلاک

اللہ ڈنو کو صدر دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سے بھی شناخت کیا گیا: سی ٹی ڈی حکام۔ فوٹو: فائل
 اللہ ڈنو کو صدر دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سے بھی شناخت کیا گیا: سی ٹی ڈی حکام۔ فوٹو: فائل

کراچی کے علاقے ماڑی پور  مشرف کالونی میں حساس ادارے اور سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران صدر دھماکے کا ماسٹر مائنڈ ہلاک ہو گیا۔

انچارج سی ٹی ڈی مظہر مشوانی کے مطابق ماڑی پور میں چھاپہ حالیہ دہشتگردی میں ملوث مطلوب ملزمان کی اطلاع پر مارا گیا تھا کہ ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہو کر گرفتار  دہشتگرد اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئے۔

کراچی کے علاقے ماڑی پور میں سی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گرد کی شناخت کرلی گئی ہے۔

ذرائع سی ٹی ڈی کے مطابق اللہ ڈنو کو صدر دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سے بھی شناخت کر لیا گیا ہے، اللہ ڈنو ہی بارود سے بھری سائیکل صدر لایا تھا اور اسی نے ریموٹ کنٹرول کی مدد سے دھماکا کیا تھا۔

ذرائع سی ٹی ڈی کا بتانا ہے کہ کالعدم ایس آر اے کے دہشت گرد اللہ ڈنو اور نواب کا تعلق تھرپارکر سے ہے جبکہ ایک ملزم اپنے ساتھی کے ہمراہ آج دہشتگردی کی کارروائی کی تیاری کر رہا تھا، ہلاک دہشتگردوں کا ایک ساتھی موٹرسائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس حکام کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے برآمد بیگ سے ایک کلو دھماکا خیز مواد، بم بنانے کا سامان اور الیکٹرانک آلات برآمد کر لیے گئے ۔

مزید خبریں :