11 نومبر ، 2012
کراچی…کراچی میں امن و امان قائم کرنے کیلئے ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے لیکن اطلاق کے پہلے ہی روز 24گھنٹوں میں24 افراد گولیوں کا نشانہ بن گئے، پولیس اور رینجرز کسی بھی واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی ہے۔پولیس کے مطابق کراچی میں ہفتے کی رات 12 بجے کے بعد میٹروول کے علاقے میں فائرنگ سے اجمل خان نامی شخص ہلاک ہوگیا۔میٹھادر کے صرافہ بازار سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔اس سے قبل لیاقت آباد ایف سی ایریا میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک اور 5 افراد زخمی ہوئے۔زخمیوں میں شامل انٹیلی جنس بیورو کے مقتول افسر قمر رضا کا بیٹا اسد رضازخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا ،جس کے بعد ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہوگئی،مقتول آئی بی افسر قمر رضا کو بھی لیاقت آباد ایف سی ایریا میں چند ماہ قبل گھر کے باہر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔گزشتہ روز فائرنگ اور پْرتشدد واقعات میں پولیس افسر اور اہلسنت والجماعت کے علاقائی عہدے دار سمیت 20 افراد ہلاک ہوئے تھے،گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ نے ان واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سے رپورٹس طلب کرلی ہیں اورانھیں ہدایت جاری کی ہے کہ امن وامان کی صورتحال کو فوری کنٹرول کریں۔