Time 18 مئی ، 2022
کھیل

شعیب اختر 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کیسے کرتے تھے؟

160 کلو میٹر اسپیڈ میں مشکل پیش آنے کے بعد میں نے اپنے ساتھ ٹائر کو باندھ کر بھاگنا شروع کیا: شعیب اختر/ فائل فوٹو
160 کلو میٹر اسپیڈ میں مشکل پیش آنے کے بعد میں نے اپنے ساتھ ٹائر کو باندھ کر بھاگنا شروع کیا: شعیب اختر/ فائل فوٹو

اسپیڈ اسٹار  شعیب  اختر  نے 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار  سے بولنگ کروانے کی ٹریننگ کے بارے میں گفتگو  کی ہے۔ 

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر شعیب اختر نے کہا کہ میں ہمیشہ  157 اور 158 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے  بولنگ کرتا تھا لیکن کوشش ہوتی تھی کہ 160 کلو میٹر کی رفتار سے بولنگ کراؤں جو نہیں کر پا رہا تھا۔

 شعیب اختر نے ٹریننگ سے متعلق بتایا کہ 160 کلو میٹر اسپیڈ میں مشکل پیش آنے کے بعد میں نے اپنے ساتھ ٹائر کو باندھ کر بھاگنا شروع کیا لیکن ٹریننگ کم لگی،  پھر اسلام آباد میں رات کے وقت چھوٹی گاڑی کو کھینچنا شروع کیا لیکن وہ بھی کم لگا، پھر ٹرک کو تقریباً 5 میل کھینچ کر لےجانے کی ٹریننگ شروع کردی ، ورزش کرتے وقت میں نے ڈمبل کا وزٹ دگنا اٹھانا شروع کردیا۔

سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ میں نے 22  یارڈ  پچ کی بجائے26  یارڈ کی پچ  پر بولنگ کروانا شروع کی اور 26 یارڈ پر بولنگ کرواکر میں نے 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کروانے کا ہدف رکھا، میں نے نئی گیند کی بجائے پھٹی ہوئی گیندوں سے 26  یارڈز کی پچ پر بولنگ کروانا شروع کی۔

شعیب اختر نے کہا کہ میں نے اپنے جسم کے میکینکس کے ساتھ تبدیلی کرنا شروع کی، 26  یارڈ کی پچ  پر  پریکٹس کرنے کے بعدمیری 22 یارڈ کی پچ پر رفتار بڑھ گئی۔

سابق کرکٹرنے ماضی  کا قصہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ 2003 کے  ورلڈکپ میں ساتھی کھلاڑی کہہ رہے تھے کہ میں بہت تیز گیند کررہاہوں، بیٹر کو زخمی نہیں کرنا جس پر میں نے ساتھی کھلاڑیوں کو کہا کہ میں ورلڈکپ 2003 میں تیز رفتار گیندبازی کا ریکارڈ توڑ دوں گا۔

مزید خبریں :