18 مئی ، 2022
امریکی خواتین فٹبالرز کو بلآخر مردوں کے برابر معاوضہ دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی ساکر فیڈریشن نے بدھ کو اعلان کیا کہ اس نے مردوں اور خواتین کی قومی ٹیم کو یکساں معاوضہ دینے کیلئے ایک معاہدہ کیا ہے، جس سے تنخواہوں کے متنازعہ فرق کو ختم کیا گیا ہے ۔
تنظیم نے اعلان کیا کہ نئے معاوضے کا معاہدہ 2028 تک چلیں گا جس کے مطابق فیفا ورلڈ کپ کی انعامی رقم بھی دونوں ٹیموں کو یکساں دی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق فروری میں امریکی ساکر کی گورننگ باڈی اور خواتین کی ٹیم نے تنخواہ کے تنازعہ کو حل کرنے کے لیے معاہدے کا اعلان کیا تھا تاہم اب فیڈریشن نے دونوں ٹیموں کو اگلے یونین کنٹریکٹ میں یکساں طور پر معاوضہ دینے اور اس سلسلے میں خواتین کی ٹیم کو 22 ملین ڈالرز (back pay) کے طور پر ادا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
امریکی خواتین فٹبال ٹیم پلیئرز ایسوسی ایشن کی صدر بیکی سوربرون کا کہنا ہے کہ 'ہم امید کرتے ہیں کہ اس معاہدے سے نہ صرف مساوی تنخواہ کی فراہمی بلکہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی تربیت اور کھیل کے ماحول کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی'۔
واضح رہے کہ 2020 میں امریکی عدالت نے خواتین فٹبال ٹیم کو مرد فٹبالرز کے برابر معاوضہ دینے کی درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے کر خارج کردی تھی۔