19 مئی ، 2022
موجودہ دور میں ویڈیو اسٹریمنگ سائٹ نیٹ فلکس کو دنیا کا سب سے مقبول ترین پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے جہاں صارفین اپنی پسند کے مطابق ہر قسم کی فلمیں، ڈرامے اور شوز دیکھ سکتے ہیں۔
تاہم ایک دہائی میں پہلی بار سبسکرپشن والی ویڈیو اسٹریمنگ سائٹ نیٹ فلکس نے سبسکرائبرز کم ہونے کی وجہ سے امریکا میں اپنی تقریباً 150 ملازمتیں ختم کردیں جس سے عملے کو نوکری سے ہاتھ دھونا پڑا۔
نیٹ فلکس کے مطابق ملازمتوں میں کمی کا فیصلہ کمپنی کی آمدنی میں کمی کی وجہ سے کیاگیا ہے۔
کمپنی نے ایک بیان میں کہا یہ تبدیلیاں بنیادی طور پر انفرادی کارکردگی کے بجائے کاروباری ضروریات سے ہوتی ہیں، جو انہیں خاص طور پر مشکل بناتی ہیں کیونکہ ہم میں سے کوئی بھی ایسے عظیم ساتھیوں کو الوداع نہیں کہنا چاہتا'۔
رپورٹس کے مطابق یہ نہیں بتایا گیا کہ کمپنی کے کن ڈپارٹمنٹ میں ملازمتیں کم کی گئی ہیں لیکن لاس اینجلس ٹائمز کا کہنا ہے کہ کمیونیکیشن اور مواد (Content)کے شعبے بھی اس فیصلے سے متاثر ہوئے ہیں۔
کمپنی کے کچھ ملازمین نے اپنی ملازمت سے محروم ہونے کا آن لائن انکشاف بھی کیا۔
واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں نیٹ فلکس کی جانب سے انکشاف کیا گیا تھا کہ 2022 کے پہلے تین مہینوں میں کمپنی کے تقریباً 2 لاکھ سبسکرائبرز کم ہوئے اور اس نے خبردار کیا کہ آنے والی سہ ماہی میں مزید 20 لاکھ سبسکرائبر کم ہونے والے ہیں۔
اگرچہ نیٹ فلکس عالمی سطح پر 22 کروڑ سبسکرائبرز کے ساتھ سب سے آگے ہیں لیکن حالیہ برسوں میں ڈزنی پلس، ایچ بی او اور ایمازون پرائم جیسے حریف پلیٹ فارمز کی آمد کے ساتھ اسے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔