Time 19 مئی ، 2022
دنیا

ایلون مسک کا آئندہ ٹرمپ کی پارٹی کو ووٹ دینے کا اعلان

ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ میں یہ اعلان کیا / اے ایف پی فائل فوٹو
ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ میں یہ اعلان کیا / اے ایف پی فائل فوٹو

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے کہا ہے کہ وہ ماضی میں ڈیموکریٹک پارٹی کو ووٹ دیتے رہے ہیں مگر اب وہ ریپبلکنز کو ہی ووٹ دیں گے۔

ٹوئٹر پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا 'ماضی میں ، میں ڈیموکریٹک پارٹی کو ووٹ دیتا رہا کیونکہ وہ ایک نیک دل پارٹی تھی، مگر اب وہ نفرت اور تقسیم پھیلانے والی پارٹی بنتی جارہی ہے، تو اب میں مزید اس کی حمایت نہیں کرتا اور ریپبلکن پارٹی کو ووٹ دوں گا'۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف سیاسی حملوں میں آنے والے مہینوں میں ڈرامائی اضافہ ہوگا۔

دنیا کے امیر ترین شخص نے حال ہی میں کہا تھا کہ وہ ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر عائد پابندی کو ختم کردیں گے۔

ایلون مسک موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن پر شدید تنقید کرتے رہے ہیں اور ڈیموکریٹس کی جانب سے ارب پتی افراد کے حوالے سے مجوزہ ٹیکس پروگرام کے مخالف ہیں ۔

ایک اور موقع پر ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ آئندہ انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو ووٹ دیں گے۔

انہوں نے اس موقع پر کہا تھا 'میں خود کو ریپبلکن یا ڈیموکریٹ کے بجائے معتدل پسند سمجھتا ہوں، میں ماضی میں پورے جذبے سے ڈیموکریٹس کو ووٹ دیتارہا اور کبھی ریپبلکن پارٹی کو ووٹ نہیں دیا، مگر اب انتخابات کے موقع پر میں ایسا کروں گا۔

مزید خبریں :