Time 20 مئی ، 2022
پاکستان

بلوچستان: ضلع شیرانی میں چلغوزے کے جنگلات میں لگی آگ کی زدمیں آکر3 افراد جاں بحق

بلوچستان کے ضلع شیرانی کےعلاقے میں چلغوزے کے جنگلات میں لگی آگ مزید پھیلنے لگی—فوٹو: فائل
بلوچستان کے ضلع شیرانی کےعلاقے میں چلغوزے کے جنگلات میں لگی آگ مزید پھیلنے لگی—فوٹو: فائل

بلوچستان کے ضلع شیرانی کےعلاقے میں چلغوزے کے جنگلات میں لگی آگ مزید پھیلنے لگی ،آگ کی زدمیں آکرتین افرادجھلس کرجاں بحق جبکہ سات زخمی ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر شیرانی اعجاز احمد شیخ نے جیو نیوز کو بتایا کہ شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا تھا، تاہم جمعرات کی صبح کوہ سلیمان میں شرغلئی کے علاقے میں چلغوے کے جنگلات میں نئی اگ لگ گئی جسے بجھانے کی کوششوں کے درمیان آگ کی زد میں آکر تین افراد جھلس کرجاں بحق جبکہ سات زخمی ہوگئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد اور زخمیوں کو ژوب سول اسپتال منتقل کیا  گیا ہے جبکہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد مقامی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر شیرانی نے  مزید بتایا کہ پہاڑی علاقہ اور دشوار گزار راستہ ہونے کی وجہ سے آگ بجھانے میں کافی دشواری پیش آرہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کا ہیلی کاپٹر جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے۔

مزید خبریں :