Time 20 مئی ، 2022
پاکستان

نیپرا نے آئیسکو پر 6 کروڑ 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا

آئیسکو شہریوں کی ہلاکت کے معاملے پر ضابطہ اخلاق اور حفاظتی معیارات کو برقرار رکھنے میں ناکام رہا: نیپرا اعلامیہ۔ فوٹو: فائل
آئیسکو شہریوں کی ہلاکت کے معاملے پر ضابطہ اخلاق اور حفاظتی معیارات کو برقرار رکھنے میں ناکام رہا: نیپرا اعلامیہ۔ فوٹو: فائل

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کرنٹ لگنے سے شہریوں کی ہلاکت سے متعلق کیس میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر آئیسکو پر 6 کروڑ 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

نیپرا کی جانب سے آئیسکو ریجن میں جولائی 2019 سے جون 2021 کے دوران کرنٹ لگنے سے شہریوں کی اموات کے معاملے پر ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔

نیپرا اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جولائی 2019 سے جون 2021 کے دوران آئیسکو ریجن میں کرنٹ لگنے سے 39 ہلاکتیں ہوئیں، اتھارٹی نے ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے 2 ممبران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی، 39 میں سے 25 اموات میں آئیسکو قصور وار قرار پائی۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 25 اموات میں 10 آئیسکو کے ملازمین جبکہ 15 عام شہری تھے، اتھارٹی نے نیپرا ایکٹ کے تحت آئیسکو کو شوکاز نوٹس دیا اور سماعت کا موقع بھی دیا۔

نیپرا اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئیسکو ضابطہ اخلاق اور حفاظتی معیارات کو برقرار رکھنے میں ناکام رہا جس پر آئیسکو پر 6 کروڑ 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق آئیسکو کو سوگوار خاندانوں کو آئیسکو ملازمین کے برابر 35 لاکھ روپے فی کس ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور معاوضے کی تفصیلات اتھارٹی کے ساتھ شیئر کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ نیپرا نے آئیسکو کو سوگوار خاندانوں کو ملازمتیں بھی دینے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں :