دنیا
Time 20 مئی ، 2022

ایلون مسک کا جنسی ہراسانی کا معاملہ دبانے کیلئے خاتون کو لاکھوں ڈالر دیے جانے کا انکشاف

ایلون مسک نے ان الزامات کی تردید کی ہے / اے ایف پی فائل فوٹو
ایلون مسک نے ان الزامات کی تردید کی ہے / اے ایف پی فائل فوٹو

اسپیس ایکس نے ایک فلائٹ انٹینڈنٹ کو ڈھائی لاکھ ڈالرز ادا کیے ہیں تاکہ وہ ایلون مسک کی جانب سے مبینہ طور پر جنسی ہراساں کیے جانے کے واقعے پر بات نہ کریں۔

بزنس انسائیڈر کی ایک رپورٹ میں اس فلائٹ اٹینڈنٹ کی ایک دوست نے بتایا کہ متاثرہ خاتون اسپیس ایکس کی ایک کارپوریٹ فلائٹ کے عملے میں شامل تھی ۔

رپورٹ کے مطابق اس پرواز کے دوران ایلون مسک نے اس خاتون سے مساج کرنے کا کہا ۔

مساج کے دوران اسپیس ایکس کے بانی نے نامناسب انداز سے خاتون کو چھوا  اور مزید مطالبات پورا کرنے پر انعام دینے کی پیشکش کی۔

رپورٹ میں یہ الزامات اس دوست کے بیان پر مبنی ہیں جو 2018 میں فلائٹ اٹینڈنٹ کے وکیل کو جمع کرائے گئے تحریری بیان میں درج تھے۔

اس دوست نے بتایا کہ اٹینڈنٹ نے اس موقع پر ایلون مسک کے مطالبات کو ماننے سے انکار کردیا تھا اور بہت زیادہ اپ سیٹ ہوگئی تھی۔

اس نے مزید بتایا کہ اس واقعے کے بعد اسپیس ایکس نے خاتون کی شفٹس کو کم کردیا تھا جس کو انتقامی اقدامات کا اشارہ سمجھا گیا۔

رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون کی جانب سے 2018 میں اسپیس ایکس کے ایچ آر ڈیپارٹمنٹ میں شکایت جمع کرائی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اس کے انکار کی وجہ سے کمپنی میں اس کا کیرئیر متاثر ہورہا ہے۔

جس پر کمپنی نے خاتون کو ڈھائی لاکھ ڈالرز ایک معاہدے کے تحت ادا کیے جس کے تحت اسے ایلون مسک یا ان کی کمپنیوں کے بارے میں کچھ بھی برا کہنے سے روک دیا گیا تھا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ متاثرہ خاتون نے بات کرنے سے انکار کیا تھا مگر اس کی دوست نے بات نہ کرنے کے معاہدے پر دستخط نہیں کیے تھے۔

دوسری جانب سے ایلون مسک نے اس حوالے سے اپنا ردعمل ٹوئٹر پر ظاہر کرتے ہوئے اسے جھوٹ قرار دیا۔

ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ تمام الزامات مکمل طور پر جھوٹ ہیں۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے فلائٹ اٹینڈنٹ کی دوست کو بائیں بازو کا کارکن یا لاس اینجلس کی اداکارہ قرار دیا ۔

رپورٹ شائع کرنے والے ادارے کے رابطے کرنے پر ایلون مسک نے اپنے جواب میں کہا کہ اس کہانی کے حوالے سے بہت کچھ سامنے آنا باقی ہے، یہ سیاسی مقاصد پر مبنی خبر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر وہ جنسی طور پر ہراساں کرنے کے عادی ہوتے تو 30 سال کے کیرئیر میں سامنے آنے والا یہ پہلا واقعہ نہیں ہوتا۔

خیال رہے کہ 18 مئی کو ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ان کے خلاف آنے والے مہینوں میں سیاسی حملوں میں ڈرامائی اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ یہ بھی کہا تھا کہ وہ گندی مہم کا ہدف بن سکتے ہیں۔

مزید خبریں :