22 مئی ، 2022
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے مسلم لیگ ق کے تمام اراکین کو ایوان پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے دیکھتے ہیں کہ کون ہمیں اسمبلی میں داخل ہونے سے روکتا ہے۔
پنجاب اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے ایوان پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ہمارے تمام اراکین اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے آ رہے ہیں، آج ہر صورت میں اسمبلی کا اجلاس ہو گا، لوٹوں کو نکالے جانے کے بعد ہم اکثریت میں ہیں، دیکھتے ہیں کون مائی کا لعل ہمیں قانون سازی سے روکتا ہے۔
پرویز الٰہی کا کہنا تھا ہمارے ایک ایک رکن کا حوصلہ بلند ہے، ہم باپ بیٹے کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ ارکان اسمبلی دوپہر 12 بجے پنجاب اسمبلی پہنچیں، حکومتی فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، منتخب نمائندوں کو کوئی اسمبلی میں داخلے سے نہیں روک سکتا، ہمارے تمام ممبران اجلاس میں پہنچیں گے اور پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ضرور ہو گا۔
ایک سوال کے جواب میں چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عمر سرفراز چیمہ آج بھی گورنر پنجاب ہیں، گورنر کے ہوتے ہوئے میں کیسے قائم مقام گورنر بن جاؤں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ باپ بیٹا اسمبلی کے ساتھ ایسا اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ ان کے پاس نمبرز کم ہیں جبکہ میں آج بھی وزیراعلیٰ پنجاب کا امیدوار ہوں۔
یاد رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے اسمبلی کا اجلاس آج طلب کر رکھا ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بھی ن لیگ اور اتحادیوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلا لیا ہے۔