ویوو کے ایس 15 سیریز کے 2 نئے اسمارٹ فونز متعارف

ایس 15 اور 15 پرو کو سب سے پہلے چین میں پیش کیا جارہا ہے / فوٹو بشکریہ ویوو
ایس 15 اور 15 پرو کو سب سے پہلے چین میں پیش کیا جارہا ہے / فوٹو بشکریہ ویوو

ویوو نے ایس 15 سیریز کے 2 نئے فونز متعارف کرا دیے ہیں۔

اس سیریز کا پہلا فون ایس 15 ای اپریل 2022 میں پیش ہوا جبکہ اب ایس 15 اور ایس 15 پرو کو متعارف کرایا گیا ہے۔

دونوں فونز میں سام سنگ کے تیار کردہ 120 ہرٹز امولیڈ ڈسپلے استعمال ہوئے ہیں۔

ایس 15 پرو

اس فون میں میڈیا ٹیک کے ڈیمینسٹی 8100 پراسیسر کے ساتھ گیمنگ گریڈ کولنگ سسٹم دیا گیا ہے جو پراسیسر کا درجہ حرارت 1.2 سینٹی گریڈ تک کم کرسکتا ہے۔

اس کے علاوہ ایک اضافی گیمنگ گرافک کور پرو چپ (Gaming Graphics Core Pro) بھی ڈیوائس کا حصہ ہے اور 6.56 انچ کا امولیڈ ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ اور ایچ ڈی آر 10 پلس سپورٹ سے لیس ہے۔

ڈوئل وائی فائی، اسٹیریو اسپیکرز اور 360 ڈگری انٹینا کوریج جیسے فیچرز بھی فون کا حصہ ہیں۔

ایس 15 پرو / فوٹو بشکریہ ویوو
ایس 15 پرو / فوٹو بشکریہ ویوو

جہاں تک کیمروں کی بات ہے تو فون کے بیک پر مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے جس کے لیے سونی کا آئی ایم ایکس 766 وی (IMX766V) سنسر استعمال کیا گیا ہے۔

دوسرا 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا (116 ڈگری فیلڈ آف ویو) ، تیسرا 2 میگا پکسل میکرو اور چوتھا 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر کیمرا ہے، جبکہ فرنٹ پر 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا موجود ہے۔

ایس 15 پرو کے اندر 4500 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہے جس کے لیے 80 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ فراہم کی گئی ہے ۔

یہ فون 27 مئی سے سب سے پہلے چین میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جس کا 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 3400 یوآن (ایک لاکھ روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

ایس 15

ایس 15 کے لیے اسنیپ ڈراگون 870 پراسیسر  کے ساتھ کمپنی کی اپنی تیار کردہ وی میٹ میموری ٹیکنالوجی کا استعمال بھی ہوا ہے تاکہ پراسیسر کو زیادہ تیز کیا جاسکے۔

فون کا 6.62 انچ کا امولیڈ ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سے لیس ہے جبکہ 8 سے 12 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن دستیاب ہوں گے۔

ایس 15 / فوٹو بشکریہ ویوو
ایس 15 / فوٹو بشکریہ ویوو

اس فون کے بیک پر 64 میگا پکسل مین، 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر پر مشتمل 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جبکہ فرنٹ پر 32 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے۔

ایس 15 کی بیٹری بھی 4500 ایم اے ایچ کی ہے مگر فاسٹ چارجنگ سپورٹ 66 واٹ کی ہے۔

یہ فون 27 مئی سے دستیاب ہوگا اور اس کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 2700 یوآن (80 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)میں فروخت کیا جائے گا۔

مزید خبریں :