17 فروری ، 2012
لندن … برطانوی کرکٹر مرون ویسٹ فیلڈ نے دانش کنیریا کو اسپاٹ فکسنگ کی وجہ قرار دیدیا ہے۔ لندن کی عدالت میں اسپاٹ فکسنگ کیس کی سماعت کے دوران برطانوی کرکٹر مرون ویسٹ فیلڈ نے پاکستانی اسپنر دانش کنیریا کو اسپاٹ فکسنگ کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دانش کنیریا کے دوست ارون بھاٹیا کی وجہ سے اسپاٹ فکسنگ کی ڈیل ہوئی تھی۔ مرون ویسٹ فیلڈ لندن کی عدالت میں پیش ہوئے جہاں آج ان کی سماعت کا آخری دن تھا اور امید ہے کہ عدالت انہیں سزا سنادے گی تاہم عدالتی کارروائی کے دوران اسپاٹ فکسنگ معاملے میں دونوں جانب سے بار بار دانش کنیریا کا نام لیا جاتا رہا۔ مرون نے کہا کہ دانش کنیریا نے پہلی بار دو ایشین لوگوں سے ملایا تھا جنہوں نے اسپاٹ فکسنگ پر رقم کی پیش کش کی تھی۔ انہوں نے عدالت میں اعتراف کیا کہ دانش کنیریا نے میری ڈیل کرائی تھی جس کے مطابق 12 رنز دینے کے عوض 6 ہزار پاوٴنڈ دیئے گئے اور مختلف اسپاٹ فکس کرنے پر مزید رقم کی بھی پیشکش کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دانش کنیریا کے دوست ارون بھاٹیا کی وجہ سے اسپاٹ فکسنگ ڈیل ہوئی۔ واضح رہے کہ پاکستانی اسپنر دانش کنیریا کو آئی سی سی ایک بار اس معاملے میں کلیئر کرچکی ہے تاہم برطانوی پولیس انہیں دوبارہ بلاسکتی ہے۔