بل گیٹس کونسا اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں؟

بل گیٹس نے سوشل میڈیا پر سوالات کے ایک سیشن میں اس بارے میں بتایا / رائٹرز فوٹو
بل گیٹس نے سوشل میڈیا پر سوالات کے ایک سیشن میں اس بارے میں بتایا / رائٹرز فوٹو

بل گیٹس برسوں تک دنیا کے امیر ترین شخص رہے اور اب بھی بلومبرگ بلین ایئر انڈیکس کے مطابق 116 ارب ڈالرز کے ساتھ چوتھے امیر ترین فرد ہیں۔

مگرسوال یہ ہے کہ وہ کونسا اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں ، کیا وہ ایپل کا کوئی آئی فون ہے یا انہیں کوئی اینڈرائیڈ فون انہیں پسند ہے۔

ویسے یاد رہے کہ اب تو مائیکرو سافٹ بھی سرفیس ڈو اور سرفیس 2 اینڈرائیڈ اسمارٹ فون فروخت کررہی ہے اور بل گیٹس نے ہی اس کمپنی کی بنیاد رکھی تھی۔

ایک وقت تھا جب بل گیٹس کے پاس 2 فونز تھے ایک آئی فون اور ایک اینڈرائیڈ اسمارٹ فون ، مگر اب ایسا نہیں اور  وہ ایک فون ہی استعمال کررہے ہیں۔

اور ہاں اب آئی فون ان کو پسند نہیں بلکہ وہ اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کو ترجیح دیتے ہیں جس کی وجہ بہت زیادہ تعداد میں ایپس کی موجودگی ہے ۔

حال ہی میں انہوں نے بتایا کہ وہ کس کمپنی کے تیار کردہ اسمارٹ فون کو روزمرہ میں استعمال کرنا پسند کرتے ہیں اور وہ ایک فولڈ ایبل فون ہے۔

سوشل میڈیا سائٹ ریڈیٹ میں سوالات کے ایک سیشن کے دوران بل گیٹس نے بتایا کہ وہ سام سنگ کے گلیکسی زی فولڈ 3 کو استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ مختلف فونز کو آزما چکے ہیں مگر گلیکسی زی فولڈ 3 کے انتخاب کی وجہ یہ ہے کہ اب انہیں زیادہ ڈیوائسز اپنے ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں بلکہ یہ فون اور ایک پورٹ ایبل پی سی ہی اب ان کے ساتھ ہوتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مائیکرو سافٹ کا سرفیس ڈو 2 بھی ایک طرح کا فولڈ ایبل فون ہے مگر پھر بھی بل گیٹس سام سنگ کے تیار کردہ فون کو ترجیح دے رہے ہیں۔

ویسے سام سنگ کے بیشتر فلیگ شپ فونز میں مائیکرو سافٹ ایپس اور سروسز میں پہلے سے پری انسٹال ہوتی ہیں ، یعنی ان پر ایم ایس ورڈ، ایکسل یا دیگر کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔

مزید خبریں :