Time 23 مئی ، 2022
صحت و سائنس

جنک فوڈ کا زیادہ استعمال جلد موت کا خطرہ بڑھاتا ہے، تحقیق

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

جنک فوڈ، میٹھی اشیا اور سرخ گوشت کا بہت زیادہ استعمال جلد موت کا خطرہ بڑھاتا ہے۔

سوئیڈن کی لوما لِنڈا یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سافٹ ڈرنکس، ٹافیاں اور سرخ گوشت سمیت مخصوص غذاؤں کا بہت زیادہ استعمال قبل از وقت موت کی وجہ بن سکتا ہے۔

جریدے امریکن جرنل آف کلینکل نیوٹریشن میں شائع اس تحقیق میں 77 ہزار سے زیادہ افراد کی غذائی عادات کا تجزیہ کیا گیا تھا ۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ الٹرا پراسیس غذائیں مختلف امراض کا شکار بناکر جلد موت کا خطرہ بڑھاتی ہیں۔

محققین نے بتایا کہ ہماری تحقیق میں اس سوال کا جواب دیا گیا کہ سبزیوں پر مشتمل غذا صحت بخش ہے یا نہیں ، ایسا نظر آتا ہے کہ پراسیس غذاؤں کے استعمال پر توجہ دینا سبزیوں کے استعمال سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ جو لوگ دن بھر کی 50 فیصد سے زیادہ کیلوریز الٹرا پراسیس غذاؤں سے حاصل کرتے ہیں ان میں جلد موت کا امکان دیگر سے 14 فیصد زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق الٹرا پراسیس غذاؤں کے زیادہ استعمال سے نظام تنفس، گردوں اور دماغی و عصبی امراض کا خطرہ بڑھتا ہے بلکہ پھیپھڑوں کا وہ مرض بھی لاحق ہوسکتا ہے جس کاسامنا عموماً تمباکو نوشی کرنے والوں کو ہوتا ہے۔

اسی طرح تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ روزانہ 50 گرام سرخ گوشت کھانے والے افراد میں جلد موت کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

محققین نے مشورہ دیا کہ اگر آپ لمبی زندگی کے خواہشمند ہیں تو بہتر ہے کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال نہ کریں جبکہ بہت زیادہ سرخ گوشت کھانے سے بھی گریز کریں۔

مزید خبریں :