24 مئی ، 2022
کوئٹہ: محکمہ جنگلات کا کہنا ہےکہ شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ پربڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔
بلوچستان کے ضلع شیرانی میں جنگلات میں لگی آگ لگی پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، 10 ہزار 700 ایکڑ رقبے پر پھیلی آگ بجھانے کے آپریشن میں پی ڈی ایم اے، این ڈی ایم اے، جنگلات اور انتظامیہ حصہ لے رہی ہے جب کہ خیبر پختونخوا سے 1122 کے 15 اہلکار بھی آگ بجھانے کے آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
محکمہ جنگلات کے کنزرویٹر امین مینگل نے بتایا کہ جنگلات میں فائر لائن مکمل کنٹرول میں ہے، آگ کو سلیمان رینج میں زرغون زور کے مقام پر آگے بڑھنے سے روک دیا ہے اور آگ بجھانے کے لیے شیرانی میں زرغون زور تک 9 کلومیٹر کی فائرلائن بنادی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آگ بجھانے کے آپریشن میں پاک فوج کے دو ہیلی کاپٹر حصہ لے رہے ہیں جب کہ آج ایران سے فائر فائٹر جہاز کے بھی شیرانی پہنچنے کا امکان ہے۔
کنزرویٹرمحکمہ جنگلات کا کہنا تھا کہ جنگلات میں کچھ جگہوں پرپہلے سے لگی آگ کےبعد انگاروں سےدھواں اٹھ رہاہے، زرغون غر کے پہاڑوں میں محکمہ جنگلات اور کمیونٹی کےافراد موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آگ مکمل ختم ہونے کے بعد جنگلات میں درختوں اور جنگلی حیات کے نقصانات کا تخمینہ لگایاجائےگا جس کے لیے ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔