26 مئی ، 2022
کراچی سے لاہور آکر شادی کرنے والی دعا زہرہ کی سالگرہ منانے کی وائرل ویڈیو پر والد مہدی علی کاظمی کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
مہدی علی کاظمی نے بیٹی کی ویڈیو سامنے آنے پر کہا کہ دعا کی سالگرہ 27 اپریل کو تھی، ہمیں تو یہ بھی نہیں پتا کہ یہ ویڈیو کب کی ہے، اگر یہ پرانی ویڈیو ہے تو ابھی لگانے کا مقصد کیس کا دھیان کسی اور جانب کرنا تھا۔
دعا کے والد نے کہا کہ مجھے بہت سے لوگوں نے کہا کہ بچی کا ٹیسٹ کروانا چاہیے تاکہ ویڈیو بناتے وقت بچی کی ذہنی حالت کا معلوم ہوسکے۔
مہدی کاظمی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دعا ان کے قبضے میں ہے، وہ خدا نخواستہ کسی بھی طرح سے اس کی ویڈیو بناسکتے ہیں، جس خاتون نے یہ ویڈیو لگائی اسے سوچنا چاہیے کہ وہ 13 سال 11 ماہ کی بچی کی شادی کی حمایت کررہی ہے جو ایک جرم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ لوگ اتنے ہی سچے ہیں تو عدالت میں آئیں، عدالت میرے والد صاحب کی خریدی ہوئی جگہ نہیں جو میرے مطابق فیصلہ کرے گی۔