مضمون 'شوہر کو کیسے قتل کیا جائے؟' لکھنے والی مصنفہ خود شوہر کے قتل میں مجرم قرار

جیوری نے ڈینیل بروفی کی موت پر دو دن تک غور و خوض کرنے کے بعد بدھ کے روز 71 سالہ مصنفہ نینسی کرمپٹن بروفی کو درجہ دوم میں قتل کا قصوروار پایا۔—فوٹو: اے پی
جیوری نے ڈینیل بروفی کی موت پر دو دن تک غور و خوض کرنے کے بعد بدھ کے روز 71 سالہ مصنفہ نینسی کرمپٹن بروفی کو درجہ دوم میں قتل کا قصوروار پایا۔—فوٹو: اے پی

امریکا میں مضمون' How to Murder Your Husband' لکھنے والی مصنفہ  کو خود شوہر کے قتل میں مجرم قرار دے دیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست اوریگون کےشہر پورٹ لینڈ کی ایک جیوری نے  کئی سال قبل شوہر کو قتل کرنے کا طریقہ کے عنوان سے شائع ہونے والے ایک مضمون کی رومانوی ناول نگار نینسی کرمپٹن کو اپنے شوہر کو گولی مار کر ہلاک کرنے کا مجرم قرار دے دیا۔

اطلاعات کے مطابق، 12 افراد پر مشتمل جیوری نے ڈینیل بروفی کی موت پر دو دن تک غور و خوض کرنے کے بعد بدھ کے روز 71 سالہ مصنفہ نینسی کرمپٹن بروفی کو  درجہ دوم کا قتل کا قصوروار پایا۔

رپورٹس کے مطابق 63 سالہ شیف بروفی کو 2 جون 2018 کو اس وقت ہلاک کر دیا گیا تھا جب وہ جنوب مغربی پورٹ لینڈ کے اوریگون کُلنری انسٹی ٹیوٹ میں کام پر جارہے تھے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق  مصنفہ نینسی کرمپٹن نے کاؤنٹی کورٹ روم میں فیصلے پر کوئی واضح ردعمل ظاہر نہیں کیا البتہ ان کی وکیل لیزا میکس کا کہنا تھا کہ ہم اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔

مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ  نے کہا کہ نینسی کا اپنے شوہر کو قتل کرنے کا مقصد پیسہ تھا اور وہ 14 لاکھ  امریکی ڈالر کی انشورنس پالیسی پر نقد رقم حاصل کرنا چاہتی تھی۔

استغاثہ نے عدالت میں جیوری کو بتایا  نینسی نے کام پر جاتے وقت شوہر کا پیچھا کیا  اسے  9ایم ایم ہینڈگن سے گولی مار دی جبکہ پولیس کو جائے وقوعہ سے گولی کے دو خول بھی ملے تھے۔

تاہم نینسی نے سماعت کے دوران  گواہی دی کہ اس کے پاس اپنے شوہر کو مارنے کی کوئی وجہ نہیں تھی جبکہ اس کے مالی مسائل ریٹائرمنٹ سیونگ پلان کے ایک حصے میں نقد رقم سے حل ہو گئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق  نینسی ستمبر 2018 میں شوہر کے قتل کے بعد سے ہی حراست میں ہیں تاہم اب مجرم قرار دیے جانے کے بعد انہیں 13 جون کو  عدالت کی جانب سے سزا سنائی جائے گی۔

مزید خبریں :