Geo News
Geo News

Time 29 مئی ، 2022
دلچسپ و عجیب

برمودا ٹرائی اینگل کا سفر:کمپنی کا جہاز کے غائب ہونے پر مکمل کرائے کی واپسی کا وعدہ

امریکی سفری کمپنی نے پُر اسرار برمودا ٹرائینگل کے سفر کے دوران جہاز کے غائب ہونے پر مکمل رقم کی واپسی کا وعدہ کرلیا ہے۔—فوٹو: فائل
امریکی سفری کمپنی نے پُر اسرار برمودا ٹرائینگل کے سفر کے دوران جہاز کے غائب ہونے پر مکمل رقم کی واپسی کا وعدہ کرلیا ہے۔—فوٹو: فائل

امریکی سفری کمپنی نے  پُر اسرار برمودا ٹرائی اینگل کے  سفر کے دوران جہاز کے غائب ہونے پر مکمل کرائے کی رقم کی واپسی کا وعدہ کرلیا ہے۔

برمودا ٹرائی اینگل بحر اوقیانوس کا ایک مخصوص حصہ ہے، اس علاقے کا ایک کونا برمودا، دوسرا پورٹوریکو اور تیسرا میامی سے متصل ہے اور ان تینوں کونوں کے درمیانی حصے کو برمودا تکون یا مثلث کہا جاتا ہے۔

برمودا ٹرائی اینگل سمندر کے اندر ایک ایسا پُراسرار علاقہ ہے جہاں اب تک بہت سے طیارے،کشتیاں اور جہاز غائب ہو چکے ہیں اور ان کا آج تک کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

اس حوالے سے کئی قیاس آرائیاں کی جاتیں ہیں لیکن آج تک کوئی بھی واضح طور پر برمودا ٹرائی اینگل کا معمہ حل نہیں کرسکا کہ یہاں جانے والے جہاز اور کشتیاں کیوں غائب ہوجاتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ٹریول ایجنسی' Ancient Mysteries Cruise'نے  اپنی ویب سائٹ پر ایک اشتہار دیا ہے جس میں اس کا کہنا ہے کہ برمودا ٹرائینگل ٹور پر غائب ہونے کی فکر نہ کریں ، اس ٹور سے واپسی  سو فیصد یقینی ہے ، البتہ جہاز کے گم ہونے( جس کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں) پر آپ کے کرائے کی پوری رقم واپس کردی جائے گی۔ 

کمپنی کا کہنا ہے کہ مسافر اگلے سال مارچ میں نیویارک سے برمودا جانے والے کروز جہاز  پر بحر اوقیانوس کا سفر شروع کریں گے۔

اشتہار کے مطابق مسافروں کو اس پیشکش سے فائدہ اٹھانے کے لیے جہاز کے ایک کیبن کے لیے تقریباً  15 سو پاؤنڈز خرچ کرنا ہوں گے۔

واضح ہے کہ بحری جہاز کے گم ہونے کی صورت پر کمپنی مسافروں کی  رقم  کس کو اور کیسے واپس کرے گی؟ اس حوالے سے کوئی واضح معلومات سامنے نہیں آئیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں  آسٹریلیا کی سڈنی یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے ' کارل کروزیلنکی'(Karl Kruszelnicki) نے یہ نظریہ پیش کیا تھا کہ برمودا ٹرائی اینگل میں طیاروں اورکشتیوں کی پراسرار گمشدگی کے پیچھے مافوق الفطرت وجوہات نہیں ہیں۔

ان کا خیال تھا کہ یہ واقعات ممکنہ طور پر خراب موسم اور انسانی غلطی کا نتیجہ تھے جبکہ انہوں نے ان مقبول نظریات کو بھی رد کیا ہے جن میں کہا جاتا ہے کہ ان گمشدگیوں کا تعلق مافوق الفطرت اسباب سے ہے۔