Geo News
Geo News

Time 29 مئی ، 2022
دلچسپ و عجیب

91 سالہ شخص نے 89 سال کی خاتون سے شادی رچالی، تقریب میں پوتے پوتیوں کی شرکت

برطانوی جوڑے نے 60 سال ایک ساتھ رہنے کے بعد بالآخر شادی کر لی۔—فوٹو: بی بی سی
برطانوی جوڑے نے 60 سال ایک ساتھ رہنے کے بعد بالآخر شادی کر لی۔—فوٹو: بی بی سی 

اسکاٹ لینڈ  میں 91 سالہ شخص نے 89 سال کی خاتون سے شادی  کرلی۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق 91 سالہ ایلکس اور 89 سال کی خاتون جین ہیملٹن  60 سال ایک ساتھ رہنے کے بعد شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

اطلاعات کے مطابق  ایلکس اور جین کی پہلی ملاقات 1956 میں برمنگھم میں ہوئی جب وہ دونوں اپنے دوسرے پارٹنرز کے ساتھ تھے تاہم پہلی ملاقات کے بعد دونوں ایک دوسرے سے دور نہیں رہ سکے اور 6 سال بعد ہی دونوں نے ایلکس کے آبائی شہر ایڈنبرا میں ایک ساتھ نئی زندگی شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔

بی بی سی کے مطابق تب سے  یہ جوڑا ایک ساتھ رشتے میں قائم ہے جبکہ یہ دونوں 5 بچوں  کے والدین بھی ہیں ،تاہم  60 سال ساتھ رہنے کے بعد حال ہی میں دونوں نے اس رشتے کو باضابطہ طور پر شادی میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔

رپورٹس کے مطابق  جوڑے نے ہفتے کے روز اسکاٹ لینڈ کے علاقے ٹیلکولٹری میں اپنے مقامی چرچ میں شادی کی۔

فوٹو: بی بی سی
فوٹو: بی بی سی 

اطلاعات کے مطابق شادی کی تقریب میں ان کی دو بیٹیاں سیلی اور کیٹ، ایلکس کے بیٹے گورڈن اور نیل جبکہ جین کی بیٹی بیورلی کے ساتھ ساتھ ان کے 11 پوتے  پوتیاں بھی شامل تھیں۔

جین کا کہنا ہے کہ میں بہت اچھا محسوس کر رہی ہوں۔ ہم نے ایک شاندار ویک اینڈ بہترین شادی کی جس میں ہمارے تمام بچے اور پوتے پوتیوں نے شرکت کی جس سے مجھے کافی  خوشی ہوئی۔

جوڑے کے مطابق انہوں نے  ان برسوں میں کئی بار شادی کرنے کے بارے میں  سوچا لیکن اپنی مصروف زندگی کی وجہ سے وقت نہ مل سکا۔