Time 30 مئی ، 2022
پاکستان

بلوچستان بلدیاتی انتخابات: بیشتر آزاد امیدوار کامیاب، سیاسی جماعتوں میں جے یو آئی سب سے آگے

اب تک کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا اور اب تک 1349 نشستیں حاصل کرلی ہیں۔— فوٹو:فائل
اب تک کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا اور اب تک 1349 نشستیں حاصل کرلی ہیں۔— فوٹو:فائل

بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں آزاد امیدواروں نے واضح اکثریت حاصل کرلی۔

بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔

ووٹنگ میں شہریوں نے بھرپور دلچسپی لی اور  خواتین نے بھی ووٹ کا حق استعمال کیا جبکہ ضلع تربت میں 31 فیصد ٹرن آؤٹ رہا جو پاکستان کے کسی بھی بڑے شہر کے ٹرن آؤٹ کے برابر ہے۔

اب تک کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا  اور اب تک 1349 نشستیں حاصل کرلی ہیں۔

موصول ہونے والے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے تحت سیاسی جماعتوں میں جمعیت علمائے اسلام سب سے آگے ہے اور اب تک 232 نشستوں پر کامیابی حاصل کرچکی ہے۔ 

جے یو آئی نے کارپوریشن کی 13، میونسپل کمیٹیوں کی 55 اور یونین کونسلوں کی164 نشستیں جیت لی ہیں۔

اب کے موصول ہونے والے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق صوبے میں حکمراں بلوچستان عوامی پارٹی 160نشستیں حاصل کرکے دوسرے، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی 94 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

اب تک کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق  سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر مالک کی نیشنل پارٹی کی قسمت کا ستارہ پھر چمک گیا ،67 نشستیں حاصل کرلیں جبکہ بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) 65 نشستوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر آ گئی۔

اس کے علاوہ  غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے اپ سیٹ کیا ہے اور 49 نشستوں کے  ساتھ چھٹے نمبر پر ہے جبکہ بی این پی عوامی کی40نشستیں، پی ٹی آئی 22 نشستوں پر کامیاب  ہوئی اور اے این پی نے 19 ،جمہوری وطن پارٹی نے 17 اور مسلم لیگ ن نے 15 نشستیں اپنے نام کیں۔

خیال رہے کہ بلوچستان اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی کوئی نشست نہیں ہے اور بلدیاتی انتخابات میں پی پی امیدواروں کی کامیابی کو اپ سیٹ قرار دیا جارہا ہے۔

دوسری جانب بلدیاتی انتخابات میں نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور سرکاری وحمتی نتیجے کا اعلان آئندہ دنوں میں کیا جائے گا۔ کوئٹہ اور لسبیلہ میں الیکشن بعد میں ہوں گے ۔

مزید خبریں :