30 مئی ، 2022
اسلام آباد ہائی کورٹ نے درختوں کو آگ لگا کر ٹک ٹاک ویڈیو بنانےکے مقدمے میں نوشین سعید عرف ڈولی کی ایک لاکھ روپےکے مچلکوں کے عوض 8 جون تک عبوری ضمانت منظورکرلی۔
معروف ٹک ٹاکر نوشین سعید نے درختوں کو آگ لگا کر ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں انوائرمنٹل پروٹیکشن ایکٹ، اسلام آباد وائلڈ لائف آرڈینینس اسلام آباد اور اسلام آباد پریزرویشن آف لینڈ اسکیپ آرڈینینس کی دفعات کے تحت درج مقدمے میں ضمانت کے لیے درخواست دائرکرتے ہوئے فوری سماعت کی استدعا کی جسے عدالت نے منظورکرلیا ۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے درخواست ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے مدعی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
عدالت نے درخواست گزارکو ایک لاکھ روپےکے مچلکے جمع کرانےکی ہدایت کرتے ہوئے 8 جون تک عبوری ضمانت منظورکرلی ۔
دوران سماعت نوشین سعید کے وکیل کے تاخیر سے پہنچنے پر عدالت نے اظہار برہمی بھی کیا۔