Time 31 مئی ، 2022
انٹرٹینمنٹ

گلوکار سدھو موسے والا کی 'نومبر' میں شادی طے تھی

سدھو کا رشتہ اماندیپ کور سے ہوا تھا جن کا تعلق کینیڈا سے تھا/ فائل فوٹو
سدھو کا رشتہ 'اماندیپ کور' سے ہوا تھا جن کا تعلق کینیڈا سے تھا/ فائل فوٹو

بھارتی پنجاب میں قتل کیے جانے والے نامور گلوکار سدھو موسے والا نومبر 2022 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھو کا رشتہ 'اماندیپ کور' سے ہوا تھا جن کا تعلق کینیڈا سے تھا، گلوکار کا رشتہ طے ہونے میں کافی وقت لگا تھا اور بلآخر ان کی شادی دو سال قبل طے ہوگئی تھی۔

رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سدھو موسے والا کی شادی کی تاریخ پہلے اپریل 2022 میں رکھی گئی تھی لیکن چونکہ وہ مارچ میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات ہار گئے تھے، اسی لیے ان کی شادی نومبر تک ملتوی کردی گئی تھی۔

ایک انٹرویو میں سدھو موسے والا کی والدہ نے بیٹے کی شادی کے حوالے سے بتایا تھا کہ 'شادی کی تیاریاں بہت انتظار کے بعد بلآخر شروع ہوچکی ہیں، بس بہو کے گھر آنے میں کچھ ہی دن باقی ہیں'۔

واضح رہے کہ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو 29 مئی کو ضلع مانسا کے گاؤں جواہرکے میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔

رپورٹس کے مطابق سدھو موسے والا نے اس سال کانگریس کے ٹکٹ پرمانسا سے پنجاب اسمبلی کا الیکشن لڑا تھا لیکن انہیں عام آدمی پارٹی کے امیدوار وجے سنگلا نے63 ہزار ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ سدھو نے اپنے گانے 'Scapegoat' میں عام آدمی پارٹی اور اس کے حامیوں کو نشانہ بناتے ہوئے ’غدار‘ کہا تھا۔ 

رپورٹس کے مطابق ایک روز قبل ہی پنجاب حکومت کی جانب سے وی آئی پی کلچر خاتمے کی کوششوں کے تحت ان کی سکیورٹی واپس لے لی گئی تھی لہٰذا سدھو وزیراعلیٰ بھگونت مان سے سکیورٹی سے متعلق ملاقات کے لیے جارہے تھے۔

دوسری جانب پولیس نے دعو یٰ کیا ہے کہ سدھو موسے والا پر فائرنگ کی ذمہ داری کینیڈا سے تعلق رکھنے والے گینگ نے قبول کی ہے۔

مزید خبریں :