پی ٹی آئی کا مارچ ریاست مخالف سازش تھی: وفاقی وزیر داخلہ

کابینہ میں تجویز رکھی ہےکہ ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، امید ہے مقدمہ درج ہوگا اور ان کو قرار واقعی سزا ملے گی: رانا ثنااللہ/ فائل فوٹو
کابینہ میں تجویز رکھی ہےکہ ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، امید ہے مقدمہ درج ہوگا اور ان کو قرار واقعی سزا ملے گی: رانا ثنااللہ/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ راناثنااللہ  نے کہا ہےکہ  25 مئی کا لانگ مارچ سیاسی سرگرمی نہیں بلکہ ریاست مخالف سازش تھی اور یہ کوئی سیاسی بیانیہ نہیں مجرمانہ عمل ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے عمران خان کے کارکنان کے اسلحہ ساتھ لانےکےبیان کا نوٹس لے لیا ہے، 25 مئی کا لانگ مارچ سیاسی سرگرمی نہیں بلکہ ریاست مخالف سازش تھی جس کے لیےخیبرپختونخوا حکومت کے وسائل کو استعمال کیا گیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ  یہ کوئی سیاسی سرگرمی نہیں بلکہ واضح طور پر ریاست پر حملے کی کوشش تھی جس کے لیے  پی ٹی آئی نے ایک دن پہلے کے پی ہاؤس میں مسلح جتھوں کو جمع کیا اور لانگ مارچ کے روز  گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ  نے  بھی پولیس پرحملہ کیا۔

رانا ثنااللہ کا کہنا ہےکہ پی ٹی آئی کے ساتھ چند ہزار لوگ ڈی چوک پر جمع ہوگئے تھے، مسلح افراد نے پولیس پر فائرنگ کی، یہ کوئی سیاسی بیانیہ نہیں مجرمانہ عمل ہے، ہمارے پاس صوابی جلسے کی ویڈیو ہے جس میں ان کے ساتھ مسلح لوگ تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے لوگ گولی چلانے کے ارادے سے آئے تھے، یہ فتنہ اور فساد مارچ تھا، کابینہ میں تجویز رکھی ہےکہ ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، امید ہے مقدمہ درج ہوگا اور ان کو قرار واقعی سزا ملے گی۔

دوسری جانب  وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ کے پی کے محمود خان کے بیانات پر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ اس سلسلے میں آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جس کے سربراہ رانا ثنااللہ ہیں۔

مزید خبریں :