01 جون ، 2022
کراچی کے علاقے سخی حسن میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ ایک شہری بھی جاں بحق ہوگیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سخی حسن کے قریب شہری سے ڈکیتی واردات ہورہی تھی تاہم گشت پر مامور پولیس موقع پر پہنچی، فائرنگ تبادلے میں متاثرہ شہری اور مبینہ ملزم مارا گیا۔
پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ پولیس کے موقع پر پہنچنے کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا تاہم تحقیقات کررہے ہیں کہ شہری کو کس کی گولی لگی؟
اس سے قبل کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے برطرف پولیس سپاہی جاں بحق ہوا۔
ایس ایس پی فدا حسین جانوری کے مطابق پولیس اہلکار کی لاش قانونی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق 3 موٹر سائیکلوں پر 6 ملزمان سوار تھے، اہلکار کو 8 سے 10 گولیاں لگیں، مقتول اہلکار عمران ناظم آباد تھانے کا برطرف سپاہی تھا، مقتول اپنے سسرال آیا ہوا تھا اور گھر کے باہر بیٹھا تھا۔