Time 01 جون ، 2022
دنیا

ٹیسلا ملازمین دفتر آئیں یا ملازمت چھوڑ دیں، ایلون مسک کا انتباہ

ایلون مسک / رائٹرز فوٹو
ایلون مسک / رائٹرز فوٹو

کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں دنیا بھر میں گھروں سے کام کرنے کا رجحان بہت زیادہ مقبول ہوا اور اب متعدد افراد حالات معمول پر آنے کے بعد بھی دفاتر واپس آنے کے لیے تیار نہیں۔

مگر دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک کو یہ قبول نہیں۔

ایلون مسک کی ایک ای میل لیک ہوئی ہے جس کا عنوان ہی یہ ہے کہ گھروں سے کام اب قابل قبول نہیں۔

اس ای میل میں ایلون مسک نے لکھا 'ہر وہ فرد جو گھر سے کام کرنا چاہتا ہے اسے دفتر آکر ہر ہفتے کم از کم 40 گھنٹے کام کرنا ہوگا یا پھر ٹیسلا کو چھوڑنا ہوگا'۔

اس ای میل میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسی خاص کیس پر وہ گھر سے کام کی درخواست پر نظرثانی کرکے خود منظوری دیں گے۔

ایلون مسک نے ای میل کی باقاعدہ تصدیق تو نہیں کی مگر ایک ٹوئٹر پیغام میں اس حوالے سے کہا کہ جن لوگوں کو لگتا ہے کہ دفتر سے کام کرنا اب ماضی کا قصہ بن چکا ہے تو انہیں کسی اور جگہ کام کرنا چاہیے۔

اس ای میل میں البتہ ایلون مسک کی ہدایات پر عمل درآمد کی کوئی تاریخ نہیں دی گئی تو بظاہر اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگیا ہے۔

مزید خبریں :