پاکستان

پی ٹی آئی کی احتجاج کیلئے سپریم کورٹ میں دائر درخواست پر رجسٹرار نے اعتراضات لگادیے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسلام آباد میں احتجاج کے لیے سپریم کورٹ میں دائر درخواست پر رجسٹرار آفس نے اعتراضات لگادیے۔

پی ٹی آئی کی درخواست پر سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس کا کہنا ہےکہ سیاسی اجتماع اور احتجاج سے متعلق معاملہ پہلے ہی سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے، ایسے معاملے پر سیاسی جماعتوں کے پاس پہلے ہی فورمز موجود ہیں۔

خیال رہےکہ پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد میں احتجاج کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کی جانب سے دائر آئینی درخواست میں وزارت داخلہ، آئی جی اسلام آباد اور ہوم سیکرٹریز کو فریق بنایا گیا تھا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عدالت حکم دےکہ پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں پرامن احتجاج اور اجتماع کی اجازت دی جائے، پی ٹی آئی کے احتجاج کے راستے میں کسی شہر میں رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائیں۔

درخواست میں مزید کہا گیاکہ عدالت حکم دے کہ پی ٹی آئی کے کسی کارکن اور رہنما کو گرفتار یا اس پر تشدد نہ کیا جائے، پی ٹی آئی کے خلاف ڈرانے والے ہتھکنڈے اور گھروں پر چھاپے نہ مارے جائیں، عوام کی نقل و حرکت کو کسی طورپرکسی شہر میں نہ روکا جائے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت حکم دے کہ احتجاج اور دھرنے میں شرکت کرنے والوں کے خلاف طاقت کا استعمال نہ کیا جائے۔

واضح رہےکہ سابق وزیراعظم عمران خان نے حکومت کی جانب سے الیکشن کا اعلان نہ کرنے کی صورت میں اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔

مزید خبریں :