01 جون ، 2022
کراچی کے علاقے جیل چورنگی کے قریب سپر اسٹور میں آتشزدگی سے جاں بحق شخص کی شناخت ہوگئی۔
پولیس کے مطابق سپراسٹور میں آگ کے دھویں سے جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت وصی کے نام سےکی گئی ہے جو کہ گلستان جوہرکا رہائشی ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ وصی نے ملازمت کے حصول کے لیے چند روز قبل سی وی جمع کرائی تھی اور آج وہ انٹرویو کے لیے آیا ہوا تھا، آگ لگنےکے بعد وصی سپر اسٹور کے راستوں کا علم نہ ہونےکے باعث باہر نہیں نکل سکا، سی سی ٹی وی ویڈیو دیکھ کر وصی کے بارے میں پتہ چلا جس کے بعد ریسکیو آپریشن کیا گیا ، وصی کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔
خیال رہے کہ جیل چورنگی کے قریب رہائشی عمارت میں واقع سپر اسٹور کے ویئر ہاؤس میں صبح 11 بجے سے آگ لگی ہوئی ہے۔
آگ بجھانے کا عمل کئی گھنٹوں سے جاری ہے اور فائر بریگیڈ کی درجن سے زائد گاڑیاں آگ پر قابو پانےکی کوششوں میں مصروف ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ بجھانے کے دوران ایک فائر فاٹر دھویں سے بے ہوش ہوگیا جسے ساتھیوں نے عمارت سے نکال کر اسپتال منتقل کردیا۔