کراچی کے سپر اسٹور میں آتشزدگی، ایک شخص جاں بحق، آگ بجھانے کی کوششیں جاری

کراچی کے سپر اسٹور میں آتشزدگی، ایک شخص جاں بحق، آگ بجھانے کی کوششیں جاری

کراچی کے علاقے جیل چورنگی میں واقع فلیٹ کے نیچے قائم سپر اسٹور میں لگی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا، چیف فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے میں مزید 12 سے 24 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ  آگ اور دھوئیں کے باعث اسٹور میں موجود چار افراد کو بے ہوشی کی حالت میں نکالا گیا جن میں سے ایک دوران علاج دم توڑ گیا۔

دوسری جانب 15 منزلہ رہائشی عمارت کے مکینوں کا الزام ہے کہ اسٹور انتظامیہ کے پاس آگ پر قابو پانے کا مناسب انتظام نہیں تھا۔

جیل چورنگی کے سپر اسٹور میں بدھ کی صبح 11 بجے لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔ آگ بیسمنٹ میں واقع اسٹور کے ویئر ہاؤس میں لگی جسے بجھانے کیلئے فائر  بریگیڈ کے 16 اور  پاک بحریہ کے 2 فائر ٹینڈرز مصروف ہیں۔

آگ بجھانے کیلئے کیمیکل اور فوم بھی استعمال کیا جارہا ہے۔ چیف فائر آفیسر مبین احمد کا بتانا ہے کہ آگ بجھانے میں 12 سے 24 گھنٹے مزید لگ سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بیسمنٹ میں جانے کا راستہ بھی اسٹور کے اندر ہی سے جاتا ہے اسی لیے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) حکام کو طلب کیا ہے تاکہ وینٹی لیشن کے راستے کو توڑ کر اندر جایا جاسکے تاہم ایس بی سی اے حکام کو نقشے کا ٹھیک سے اندازہ نہیں ہے۔

چیف فائر آفیسر کے مطابق  آگ کی شدت اور دھواں اتنا زیادہ تھا کہ اسٹور میں موجود چار افراد بے ہوش ہوگئے جن میں سے ایک دوران علاج دم توڑ گیا۔

آگ لگنے کے بعد ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب، ضلعی انتظامیہ کا عملہ، ریسکیو ادارے، پولیس اور رینجرز اہلکار موقع پر پہنچے اور  15 منزلہ رہائشی عمارت کو مکمل طور پر خالی کرالیا گیا۔ 

فلیٹ کے مکینوں کا الزام ہے کہ اسٹور میں آگ بجھانے کا مناسب انتظام نہیں تھا، انہوں نے گزشتہ دنوں اسٹور انتظامیہ کو خط بھی لکھا تھا کہ بیسمنٹ میں قائم اپنا ویئر ہاؤس کہیں اور منتقل کریں کیونکہ یہاں مکینوں کی پارکنگ ہے، ویئر ہاؤس میں کوئی حادثہ ہوا تو پوری عمارت کیلئے خطرناک ہوگا لیکن انتظامیہ نے ویئر ہاؤس منتقل نہیں کیا۔

مزید خبریں :