Geo News
Geo News

Time 02 جون ، 2022
انٹرٹینمنٹ

اختلاف کریں لیکن مجھے گالیاں دینے سے کیا ملے گا؟ عفت عمر

آپ مجھ پر تنقید کریں، بحث کریں، آپ مجھ سے منطق پر بات کریں تو شاید میں آپ کو جواب بھی دے دوں: اداکارہ/ فائل فوٹو
آپ مجھ پر تنقید کریں، بحث کریں، آپ مجھ سے منطق پر بات کریں تو شاید میں آپ کو جواب بھی دے دوں: اداکارہ/ فائل فوٹو

اداکارہ عفت عمر  نے ایک بار پھر شوبز کو خیر باد کہنے کے ساتھ ساتھ مخالفین کے نام ایک پیغام بھی دیا ہے۔

گزشتہ برس عفت عمر نے شوبز چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھاکہ پاکستان میں چونکہ اچھے ڈرامے نہیں بن رہے لہٰذا میں ڈرامے دیکھنا بھی پسند نہیں کرتی۔

اب عفت عمر کے ایک انٹرویو کا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے شوبز کو ایک بار پھر خیر باد کہنے پر گفتگو کی اور کہا کہ جب میں ایک چیز پر تنقید کرتی ہوں تو کیسے وہی کام کرسکتی ہوں۔

عفت عمر نے کہا کہ ’ہم سب اس ملک کی اچھائی چاہتے ہیں، فرق یہ ہے کہ مجھے لگتا ہے فلاں لوگ بہتر سنبھالیں گے، آپ کو لگتا ہے فلاں لوگ سنبھالیں گے لیکن بیچ میں گالیاں کیوں دیتے ہیں؟‘۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ آپ مجھ پر تنقید کریں، بحث کریں، آپ مجھ سے منطق پر بات کریں تو شاید میں آپ کو جواب بھی دے دوں،  یہ گالیاں دینے سے آپ اپنی تربیت کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح سے آپ  اپنے ماں باپ کا نام خراب کرتے ہیں، اپنے لیڈر کا نام برا کرتے ہیں لہٰذا بس کردیں، آپ لکھیں کہ آپ مجھ سے  راضی نہیں ہیں یا پھر  میری کسی بات سے اداس ہوئے ہیں لیکن میرے شوہر اور بیٹی سمیت مجھے گندی گالیاں کیوں دیتے ہیں، اس سے آپ کو کیا ملے گا؟