خودکشی کے واقعات کی روک تھام کیلئے گوگل سرچ کا نیا تجربہ متعارف

گوگل نے پاکستان میں خود کشی کے حوالے سے ایک ہاٹ لائن (hotline) ون باکس (onebox) متعارف کرائی ہے
گوگل نے پاکستان میں خود کشی کے حوالے سے ایک ہاٹ لائن (hotline) ون باکس (onebox) متعارف کرائی ہے

ذہنی صحت کے مسائل کے دوران ہیلپ لائن سپورٹ کے لیے گوگل سرچ نے ایک نیا تجربہ متعارف کروایا ہے۔

 گوگل نے پاکستان میں خود کشی کے حوالے سے ایک ہاٹ لائن (hotline) ون باکس (onebox) متعارف کرائی ہے، یہ ون باکس گوگل استعمال کرنے والوں کا رابطہ فوری طور پر خود کشی کے واقعات کی روک تھام کرنے والی ہیلپ لائن سے قائم کرتی ہے جو سرچ کے نتائج والے صفحے پر بالکل  اوپر ظاہر ہوتی ہے۔

’امنگ پاکستان‘ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے تسلیم شدہ ادارہ ہے

پاکستان میں ایسا کوئی بھی شخص جو خودکشی کے بارے میں ’خود کشی میں مدد‘، ’میں کس طرح خود کشی کر سکتا ہوں؟’جیسے سوالات تلاش کرتا ہے، گوگل سرچ فوری طور پر’امنگ پاکستان‘نامی ہیلپ لائن دکھاتا ہے جو پاکستان میں خود کشی کے واقعات کی روک تھام کے لیے کام کرنے والا ادارہ ہے۔

خودکشی کے  واقعات کی روک تھام  کیلئے گوگل سرچ  کا نیا تجربہ متعارف

’امنگ پاکستان‘ عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے تسلیم شدہ ادارہ ہے جو ذہنی صحت کی ہیلپ لائن کے طور پر کام کرتا ہے اور خود کشی کے رجحان، خیال یا منصوبہ بندی کرنے والے پریشان حال پاکستانیوں کو مدد فراہم کرتا ہے۔

اْمنگ اور گوگل کے درمیان اس شراکت کا مقصد پاکستان میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے رجحان سے نمٹنے میں مدد کرنا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق، پاکستان میں ہر سال خود کشی کی کوشش کے تقریباً 130,000 سے 270,000واقعات رونما ہوتے ہیں۔

تاہم، ذہنی صحت کے مسائل سے نمٹنے کے حوالے سے تلاش میں بھی دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ گوگل ٹرینڈز (Trends)کے مطابق، ملک میں سنہ 2020-21کے دوران، ’اضطراب‘، ’افسردگی‘ اور ’خودکشی‘ جیسے موضوعات کی تلاش عروج پر تھی۔

گوگل کے ریجنل ڈائریکٹر برائے پاکستان، بنگلا دیش اور سری لنکا، فرحان قریشی نے کہا ’جیسا کہ ہم ٹرینڈز(Trends) میں دیکھتے ہیں، پاکستانی اپنی ذہنی صحت کے حوالے سے جوابات تلاش کر رہے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ جس وقت مدد تلاش کی جارہی ہو، وہ وقت بہت اہم ہوتاہے، بالخصوص ان لوگوں کے لیے، جن کے ذہن میں خودکشی کا خیال پروان چڑھ رہا ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ یہ گوگل کے پریشان صارفین کو ضرورت کے وقت مدد کی تلاش میں اہم کردار ادا کرے گا۔‘

ذہنی صحت ہمارے دور کا سب سے بڑا مسئلہ ہے: کنزیٰ نعیم

اُمنگ پاکستان کی بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسرکنزیٰ نعیم  نے بتایا کہ ’ذہنی صحت ہمارے دور کا سب سے بڑا مسئلہ ہے جسے حل کرنے کی ضرورت ہے، بالخصوص پاکستان جیسے ملک میں جہاں 40 فیصد سے زائد آبادی ذہنی صحت کے مسائل کا شکار ہے، ہم اس بروقت شراکت کے لیے گوگل کے بے حد شکرگزار ہیں‘۔

یہ سرچ اپ ڈیٹ ڈیسک ٹاپ اور موبائل (Android/iOS)دونوں پر دستیاب ہوگی۔

مزید خبریں :