02 جون ، 2022
وفاقی کابینہ نے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) کراچی غلام نبی میمن کو آئی جی سندھ لگانے کی منظوری دے دی جس کے بعد وہ نئے آئی جی سندھ تعینات ہوگئے ہیں۔
پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 21 کے افسر غلام نبی میمن اس سے قبل ایڈیشنل آئی جی کراچی کے عہدے پر کام کر رہے تھے۔
دعا زہر ہ بازیابی کیس میں سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ کامران فضل کو عہدے سےہٹانے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد سندھ حکومت کی جانب سے وفاق کو غلام نبی میمن کو آئی جی سندھ لگانے کی سفارش کی گئی تھی۔
وفاقی کابینہ میں اس سلسلے میں کئی ناموں پر غور و خوض کیا گیا تاہم غلام نبی میمن کو انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی اور اب ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
غلام نبی میمن اس سے قبل بھی ایڈیشنل آئی جی کراچی رہ چکے ہیں جب کہ وہ ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ بھی تعینات رہے ہیں۔