17 فروری ، 2012
لاہور … سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ تیل مافیا بجلی کی پیداوار کو کوئلے، سولر اور پانی پر منتقل نہیں ہونے دیتا، بے نظیر انکم سپورٹ اسکیم پروگرام کے سیاسی مقاصد ہیں اس سے غربت میں کمی نہیں لائی جاسکتی، انہی اختلافات پر انہوں نے وزارت چھوڑی تھی۔ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ تیل مافیا ملک میں بجلی کی پیداوار کو کوئلے، سولر اور پانی پر منتقل نہیں ہونے دیتا، ان کی حکومت کے ساتھ یہی ضد تھی کہ خود مختار توانائی کی الگ وزارت بنا ئی جائے اور وہ بجلی، گیس اور دیگر توانائی کے منصوبوں پر آزادانہ کام کرے۔ شوکت ترین نے کہا کہ صحت، تعلیم پر جی ڈی پی کا صرف 3 فیصد سالانہ خرچ کیا جاتا ہے جس سے عوام کو کچھ فائدہ نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صرف بینکنگ کا شعبہ ہی مستحکم ہے لیکن یہ بھی زیادہ تر بڑے شہروں تک محدود ہے۔