Time 05 جون ، 2022
دنیا

بل گیٹس اور ایلون مسک کے درمیان لفظی جنگ میں تیزی آگئی

ایلون مسک اور بل گیٹس / رائٹرز فوٹوز
ایلون مسک اور بل گیٹس / رائٹرز فوٹوز

بل گیٹس اور ایلون مسک دنیا کے 2 امیر ترین افراد ہیں اور عوامی سطح پر وہ کچھ عرصے سے ایک دوسرے کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔

کچھ عرصے پہلے ایلون مسک نے بل گیٹس کا موازنہ حاملہ مرد کے ایموجی سے کیا تھا۔

دوسری جانب بل گیٹس نے بل گیٹس نے ٹیسلا کے سی ای او کی جانب سے 44 ارب ڈالرز میں ٹوئٹر خریدنے کے منصوبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسا ہونے سے مس انفارمیشن کے مسائل مزید بڑھ جائیں گے۔

اب مائیکرو سافٹ کے شریک بانی نے موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے اپنے فلاحی منصوبوں پر بات کی ہے جو بظاہر ایلون مسک پر تنقید بھی ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران بل گیٹس نے کہا کہ ٹیسلا کے پاس سرمائے کی کمی نہیں، یہ کمپنی زبردست کام کررہی ہے اور اس کی گاڑیاں بہترین ہیں۔

انہوں نے مزید کہا 'میں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ایلون مسک یا کسی اور کے مقابلے میں زیادہ دولت خرچ کی ہے، میں نے فلاحی کاموں کے لیے زیادہ ڈالر دیے ہیں، الیکٹرونک گاڑیاں 16 فیصد گیسیں خارج کرتی ہیں، ہمیں دیگر 84 فیصد کے مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ ایلون مسک اچھا کام کررہے ہیں مگر کسی کے ٹیسلا اسٹاک فروخت کرنے سے ان کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچ سکتا۔

ایلون مسک نے اس پر ایک ٹوئٹ میں sigh لکھ کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

کچھ دن قبل ایلون مسک نے بل گیٹس پر الزام عائد کیا تھا کہ 2022 کے شروع میں مائیکرو سافٹ کے شریک بانی نے ٹیسلا کے حصص اس توقع کے ساتھ فروخت کیے کہ ان کی قیمت گھٹ جائے گی۔

ٹیسلا کے سی ای او نے اس موقع پر کہا تھا 'میں نے متعدد افراد سے سنا کہ بل گیٹس نے ٹیسلا کے 50 کروڑ ڈالرز کے حصص کے ساتھ ایسا کیا، جس پر میں نے بل گیٹس سے پوچھا بھی کیونکہ یہ کوئی خفیہ راز نہیں'۔

اب بل گیٹس نے اسی بات کا جواب ڈھکے چھپے انداز سے دیا ہے۔

مزید خبریں :