05 جون ، 2022
افغانستان میں طالبان حکومت نے بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں کی جانب سے نبی کریمﷺکی شان میں گستاخی پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
طالبان کے ترجمان و نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھاکہ امارت اسلامیہ بھارت میں حکمران جماعت کے ایک عہدیدار کی طرف سے نبی ﷺ کی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھارت حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے جنونیوں کو دین اسلام کی توہین کرنے اور مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔
خیال رہےکہ بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں اسلام اور نبی کریمﷺکے حوالے سے متنازع گفتگو کی تھی۔
بی جے پی کی ترجمان کے گستاخانہ بیان پر بھارت اور بیرون ملک شدیدغم وغصےکا اظہارکیا جارہا ہے۔
بھارتی شہروں میں احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس نے یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے 1500 مسلمان شہریوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اورمتعدد افرادکوگرفتارکرلیا۔
کانپور میں احتجاج کی کال پر سخت سکیورٹی لگائی گئی ہے،گذشتہ روز دوگروپوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی تھیں، پولیس نے یک طرفہ کارروائی کرتے ہوئے مسلمان مظاہرین پر پتھراؤ کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی، ادھر بریلی میں سخت احتجاج کے پیش نظرکرفیو نافذ کردیا گیا۔
دوسری جانب عرب ممالک میں بھی عوام کی جانب سے سخت احتجاج کیا جارہا ہے، مصر، سعودی عرب، قطر، بحرین اورکویت میں بائیکاٹ انڈیا کی مہم چل پڑی ہے اور بھارت سے درآمد شدہ اشیاء استعمال نہ کرنے کی اپیل کی جارہی ہے۔