06 جون ، 2022
ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان پہنچ چکی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی جہاں تقریباً 14 برس بعد انٹرنیشنل میچ کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 8 جون کو کھیلا جائے گا جبکہ دیگر میچز 10 اور 12 جون کو کھیلے جائیں گے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کے خلاف آخری مرتبہ ون ڈے سیریز 31 برس قبل جیتی تھی، ریڈ کیپس نے آخری مرتبہ 1991 میں عمران خان کی قیادت میں کھیلنے والی پاکستانی ٹیم کو شکست دی تھی۔
اس سے ایک سال قبل ہی 1990 میں پاکستان نے اس وقت دنیا کی سب سے خطرناک تصور کی جانے والی ایک روزہ ویسٹ انڈین ٹیم کو تین صفر سے شکست دی تھی۔
پاکستان نے 1991 کے بعد ویسٹ انڈیز کو ایک بار بھی ون ڈے سیریز جیتنے کا موقع فراہم نہیں کیا، 1990 میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز دو دو میچز سے برابر ہو گئی۔
اس کے علاوہ پاکستان نے 2002 میں یو اے ای میں کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز میں کالی آندھی کو شکست دی، اس کے علاوہ 2006، 2008، 2011، 2013، 2016 اور 2017 میں بھی ویسٹ انڈیز کو گرین شرٹس کے ہاتھوں شکست کا مزہ چکھنا پڑا۔
تاہم اگر پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ایک روزہ میچوں کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو ویسٹ انڈیز کو پاکستان پر سبقت حاصل ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے 134 میچز میں سے 71 میں ریڈ کیپس جبکہ 60 میں گرین شرٹس کو کامیابی ملی ہے۔