کافی پینا پسند کرتے ہیں تو اس مشروب کا یہ فائدہ ضرور پسند آئے گا

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فوٹو بشکریہ کڈنی ڈاٹ او آر جی
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فوٹو بشکریہ کڈنی ڈاٹ او آر جی

اگر آپ کافی پینا پسند کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اس گرم مشروب کا روزانہ ایک کپ پینا گردوں کی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

جونز ہوپکنز میڈیسین کی تحقیق میں بتایا گیا کہ دن بھر میں کم از کم ایک کپ کافی پینا گردوں کی انجری کا خطرہ کم کرسکتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ کسی بھی مقدار میں کافی پینے سے گردوں کی انجری کا خطرہ 15 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

اسی طرح روزانہ 2 سے 3 کپ کافی پینے سے یہ خطرہ 23 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔

گردوں میں انجری سے خون میں کچرا جمع ہونے لگتا ہے جس سے گردے جسم میں سیال کا توازن برقرار نہیں رکھ پاتے۔

اگر اس مسئلے کی روک تھام نہ کی جائے تو وقت گزرنے کے ساتھ گردوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

اس نئی تحقیق میں 1987 سے 1989 کے درمیان 14 ہزار سے زیادہ بالغ افراد کے ایک سروے کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔

سروے کے دوران ان افراد سے کافی پینے کی مقدار کے بارے میں پوچھا گیا تھا اور گردوں کی انجری کے کیسز کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

تمام تر عناصر کو مدنظر رکھنے پر دریافت ہوا کہ روزانہ ایک کپ کافی پینے سے گردوں کی انجری کا خطرہ 15 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

یہاں تک کہ بلڈ پریشر، جسمانی وزن، ذیابیطس اور گردوں کے کمزور افعال کے شکار افراد میں بھی یہ خطرہ 11 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ یہ ابھی واضح نہیں کہ کافی پینے کی عادت سے گردوں کی انجری کا خطرہ کم کیوں ہوتا ہے مگر ممکنہ طور پر اس مشروب میں موجود کیفین سے گردوں کی آکسیجن استعمال کرنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل کڈنی انٹرنیشنل رپورٹس میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :